لاہور میں ضمنی انتخابات کی تیاریاں مکمل

لاہور (آن لائن) لاہور کے صوبائی اسمبلی کے چار حلقوں سمیت پنجاب کے 20 حلقوں میں ضمنی انتخابات کل مورخہ 17 جولائی بروز اتوار کو منعقد ہوں گے، الیکشن کمیشن پنجاب نے ضمنی انتخابات کے انعقاد کی تمام تر تیاریاں مکمل کر لی ہیں، سکیورٹی امور کے حوالے سے الیکشن کمیشن نے بالخصوص لاہور کے چار حلقوں میں رینجرز اور فوج طلب کرنے کی درخواست دے رکھی ہے، جو پولنگ اسٹیشنز کے باہر سکیورٹی کے امور انجام دیں گے۔ ان انتخابات کے انعقاد کے سلسلے میں لاہور کے چار حلقوں کے لئے 179 پولنگ اسٹیشن قائم کر دیئے گئے ہیں جن میں سے 81 پولنگ اسٹیشن سرکاری اور 98 پولنگ اسٹیشن پرائیویٹ سکولوں میں قائم کئے گئے ہیں جبکہ پولنگ ڈیوٹی کے لئے اساتذہ کی ڈیوٹیاں بھی لگا دی گئی ہیں۔ دوسری جانب لاہور پولیس نے چار حلقوں میں ضمنی انتخابات کے موقع پر پولنگ کے عمل کو پر امن بنانے کے لئے اقدامات کو حتمی شکل دے دی ہے، بتایا گیا ہے کہ پولنگ سٹیشنز،ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران کے کیمپ آفسز سمیت ضمنی الیکشن سے متعلقہ تمام اہم پوائنٹس پر آٹھ ہزار سے زائد پولیس افسران اور اہلکار تعینات ہونگے۔ڈولفن سکواڈ اورپیرو کی 817 جبکہ ایلیٹ فورس کی 13ٹیمیں پولنگ سٹیشنز کے گرد موثر پٹرولنگ کریں گی۔پولنگ سٹیشنز کے گرد و نواح میں مشکوک افراد اور گاڑیوں کا داخلہ روکنے کے لیے378 خصوصی ناکے بھی لگائے جائیں گے۔ ضمنی انتخابات کے موقع پر 189 پولنگ بلڈنگز میں 466پولنگ سٹیشنز اور 1470 پولنگ بوتھ قائم کئے گئے ہیں۔ اینٹی رائٹ فورس کے 750 سے زائد جوان بھی امن و امان یقینی بنائیں گے۔چاروں حلقوں میں پولنگ سٹیشنز کو حساس اور انتہائی حساس کیٹگریز میں تقسیم کیا گیا ہے جس کے تحت حساس ترین پولنگ سٹیشنز پر 02 اپر سب آرڈینیٹس اور 10 کانسٹیبلز جبکہ حساس پولنگ سٹیشنز پر 02 اپرسب آرڈینیٹس اور08 کانسٹیبل تعینات ہوں گے۔