کل تک ”ووٹ کو عزت دو“ کو نعرہ لگانے والی ن لیگ ڈھٹائی سے ”لوٹوں کو ووٹ دو“ کا نعرہ لگا رہی ہے: چودھری پرویزالٰہی

لاہور (آن لائن) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنماؤں سابق وفاقی وزیر فواد حسین چودھری اور سابق پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے ملاقات کی۔ ملاقات میں ضمنی انتخابات کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ سپیکر چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ کل تک ”ووٹ کو عزت دو“ کو نعرہ لگانے والی ن لیگ ڈھٹائی سے ”لوٹوں کو ووٹ دو“ کا نعرہ لگا رہی ہے، عوام کا غصہ کم کرنے کیلئے شہبازشریف اور حمزہ شہباز شعبدہ بازی کر رہے ہیں، مفت بجلی دینے کے جھوٹے اعلانات کیے جا رہے ہیں، باپ بیٹے کی سیاسی کشتی ڈوب رہی ہے، اب کسی بھی قسم کی شعبدہ بازی نہیں چلے گی، عوام پر ان جھوٹے اعلانات کا کوئی اثر نہیں ہو گا اور انشاء اللہ وہ ووٹ کے ذریعے 17 جولائی کو لوٹا سیاست کا خاتمہ کر دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی کامیاب مہم پر جعلی حکمران بوکھلا چکے ہیں، وزرا کے مستعفی ہونے سے بات نہیں بنے گی اب اس نااہل حکومت کو ہی جانا ہو گا، ضمنی انتخاب کے تمام حلقوں میں لوٹوں کی شکست نوشتہ دیوار ہے۔