پارٹی اجازت دیتی تو استعفیٰ دے کر ضمنی الیکشن لڑتا،سیاست نہیں ریاست بچانا مقصد ہے،حمزہ شہباز

لاہور (آن لائن) وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف نے کہا ہیکہ اگر پارٹی اجازت دیتی تو استعفی دے کر ضمنی الیکشن لڑرہا ہوتا۔ سیاست نہیں ریاست بچانا مقصد ہے۔ عمران نیازی کی طرح انتقامی سیاست نہیں کروں گا۔ وزیراعلی پنجاب حمزہ شہباز پاکستان پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب کے صدر مخدوم احمد محمود سے ملاقات کے بعد ماڈل ٹاون میں ان کی رہائشگاہ پر پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔حمزہ شہباز نے کہا کہ ہمارا اتحاد حکومت بنانے کا اتحاد نہیں ہے بلکہ ملک و قوم کے لئے ہم اکٹھے ہوئے ہیں۔ہم سیاست کے لئے اکٹھے نہیں ہوئے۔4 سال گلیوں چوراہوں میں کوڑے کے ڈھیر ملتے تھے لیکن لاہور سمیت پنجاب میں عید الاضحٰی پر صفائی مثالی رہی۔ہم نے کابینہ کے بغیر بھی عوام کی فلاح کے لئے کام کیا۔ہم نے سستا آٹا اور ملکی تاریخ میں پہلی بار 100 یونٹ مفت بجلی کی فراہمی کا پروگرام بنایا۔عمران نیازی خود تو کچھ کر نہ سکے اور مفت بجلی کے معاملے پر الیکشن کمیشن چلے گئے اور اس پر حکم امتناعی لے لیا۔ عمران نیازی نے توشہ خانے سے دوست ممالک کی جانب سے دی گئی گھڑیوں خرید کر بیچ دیں۔وزیر اعلی حمزہ شہباز نے کہا کہ آج پاکستان ہم سے قربانی مانگ رہا ہے۔دعا گو ہوں کہ اللہ مجھ سے عوام کی خدمت کا کام لے۔ 17 جولائی کو ہمارا اتحاد عوام میں پذیرائی پا کر 20 نشستوں پر کامیابی حاصل کرے گا۔جیت کر ہم عمران نیازی کی طرح انتقامی سیاست نہیں کریں گے بلکہ ہم نے مل کر ملکی معیشت کو بہتر کرنا ہے۔ہم نے ایسے فیصلے کئے کہ جن کی سیاسی قیمت ادا کرنا پڑتی ہے۔ اب وقت آ گیا ہے عوام کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا مکمل فائدہ دیا جائے۔آصف زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کا بھی شکریہ کہ وہ ہمارے ساتھ کھڑے ہیں۔وسیم اکرم پلس کے نام پر صوبے کے ساتھ کھلواڑ کیا گیا۔عمران نیازی کی باتوں کا جواب ان کی زبان میں نہیں دے سکتا۔فرح گوگی اور احسن جمیل پنجاب کو لوٹ کر کھا گئے۔ عمران نیازی اپنی جھوٹی سیاست کے پیچھے انتشار پھیلانے چاہتا ہے۔