اسلام آباد(آن لائن)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ معیشت تباہ، خزانہ خالی، مہنگائی اور لوڈشیڈنگ بے قابو ہو گئی، حکمرانوں کی نااہلی کے نتائج غریب عوام بھگت رہے ہیں۔ کراچی پانی اور کچرے کے تالاب میں غرق، لوگ گھروں میں قید، گلیوں بازاروں میں گاڑیاں تیر رہی ہیں۔ سندھ پر 15سال سے متواتر حکمرانی کرنے والی جماعت کہیں دکھائی نہیں دے رہی۔ حکمرانوں نے بے حسی اور ڈھٹائی کی ساری حدیں پار کر دیں۔ طوفانی بارشوں نے سندھ کے علاوہ کے پی اور بلوچستان میں بھی تباہی مچا دی، گورننس کہیں دکھائی نہیں دے رہی۔ چھتیں گرنے سے ملبہ تلے دب کر سینکڑوں شہادتیں ہوچکی ہیں۔ لوگوں کے جانی اور مالی نقصان پر بے حدافسردہ ہوں، جماعت اسلامی اور الخدمت فاؤنڈیشن کے رضاکار فلاحی سرگرمیوں میں مزید تیزی لائیں۔ حکومت لوگوں کے بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے مالی نقصانات کا ازالہ کرے۔ بیڈ گورننس اور کرپشن ملک کے تمام مسائل کی جڑ ہیں۔ جاگیرداروں، وڈیروں اور کرپٹ سرمایہ داروں کے اقتدار میں ہوتے ہوئے ملک ترقی کر سکتا نہ عوام کو کوئی سہولت میسر آ سکتی ہے۔ حقیقی تبدیلی اور ملک کو اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے لیے قوم جماعت اسلامی کا ساتھ دے۔
Load/Hide Comments



