پنجاب میں مارکیٹوں اور بازاروں کو رات 9بجے بند کرنے کی پابندی میں مزید ایک ہفتے کی رعایت

جڑانوالہ(آن لائن)حکومت پنجاب نے فیصل آباد سمیت صوبہ بھر کی مارکیٹوں اور بازاروں کو رات 9بجے بند کرنے کی پابندی میں مزید ایک ہفتے کی رعا یت دے دی ہے جبکہ اس ضمن میں جاری کئے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق اب تمام مارکیٹیں اور بازار 19جولائی تک رات گئے کھلے رکھے جا سکتے ہیں۔محکمہ لیبر و ہیومن ریسورس ڈیپارٹمنٹ پنجاب کے ترجمان نے بتایاکہ اس سلسلہ میں گورنر پنجاب کی منظوری سے سیکرٹری لیبر لیاقت علی چٹھہ کی جانب سے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔انہوں نے بتایاکہ قبل ازیں عید الاضحی کے باعث رات 9بجے تک مارکیٹیں و بازار بند کرنے کے حکم میں رعائت دیتے ہوئے دکانداران کو 12جولائی تک اس پابندی سے مستثنیٰ قرار دیا گیا تھا لیکن اب اس مدت میں 13جولائی سے 19جولائی تک مزید رعائت دے دی گئی ہے لہٰذا اب تمام مارکیٹیں اور بازار رات گئے تک کھلے رکھے جا سکیں گے۔انہوں نے بتایاکہ رات 9بجے تک دکانیں بند کرنے کی پابندی کے خاتمے کا اطلاق 19جولائی تک رہے گا۔