ضمنی انتخابات میں شریفوں کے اس قوم کو غلام بنانے کے خواب انشاء اللہ چکنا چور ہوجائیں گے: چودھری پرویزالٰہی

لاہور (آن لائن) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین، سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی، سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی اور حسین الٰہی ایم این اے نے نماز عیدالاضحی گجرات میں ادا کی۔ میاں عمران مسعود، خالد اصغر گھرال، چودھری سعادت نواز اجنالہ اور دیگر مسلم لیگی رہنما بھی ان کے ہمراہ تھے۔ نماز عید کے اجتماع میں ملک و ملت کی سلامتی اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔ بعد ازاں سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عیدالاضحی ہمیں قربانی کا درس دیتی ہے، ملک کے حالات بھی قوم سے قربانی کے متقاضی ہیں، ہمیشہ چودھری شجاعت حسین کیلئے دعاگو ہوں، چودھری شجاعت حسین سے احترام اور محبت کا جو تعلق ہے انشاء اللہ مرتے دم تک قائم رہے گا، ہمارے درمیان افواہیں پھیلانے والے ناکام و نامراد رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ قوم کو نااہل حکمرانوں سے نجات کیلئے 17 جولائی کو بلے کو ووٹ دینا ہوگا، پنجاب کے عوام ضمنی انتخابات میں ان حکمرانوں کے خلاف فیصلہ سنائیں گے، ضمنی انتخابات کے ہر حلقے کا سروے لوٹوں کے خلاف ہے، سیاسی وفاداریاں بدلنے والوں کو شکست فاش ہوگی، انشاء اللہ پی ٹی آئی ضمنی انتخابات میں بھاری اکثریت سے جیتے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ”تجربہ کاروں“ کی نالائقیاں ملک کی معیشت کو تباہی کے دہانے پر لے آئی ہیں، ضمنی انتخابات میں شریفوں کے اس قوم کو غلام بنانے کے خواب انشاء اللہ چکنا چور ہوجائیں گے، شریف برادران نے کبھی عدالتوں کے فیصلوں کا احترام نہیں کیا، یہ ہمیشہ انتخابات میں دھونس، دھاندلی اور حکومتی مشینری کو مخالفین کے خلاف استعمال کر کے جیتتے رہے ہیں۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ پی ٹی آئی کے امیدواروں اور کارکنوں کو اپنے ووٹ پر پہرہ دینا ہوگا، سپریم کورٹ پنجاب حکومت کی جانب سے ضمنی انتخابات والے حلقوں میں ترقیاتی کاموں اور ضابطہ اخلاق کی کھلم کھلا خلاف ورزی کا نوٹس لے-