وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت انسداد ڈینگی مہم سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس

لاہور (آن لائن)پنجاب حکومت نے ڈ ینگی کنٹرول مہم کی مانیٹرنگ کیلئے یونین کونسل کی سطح پر خصوصی کمیٹیاں بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے مانیٹرنگ کمیٹیوں کی تشکیل کا عمل 24گھنٹے میں مکمل کرنے کا حکم دیدیا جبکہ وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف نے انسداد ڈینگی کے حوالے سے غیر تسلی بخش کارکردگی پر 4 اضلاع کے انتظامی افسران کووارننگ دیدی۔لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف کی زیر صدارت اعلی سطح کا اجلاس ہوا، اجلاس میں صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق، چیف سیکرٹری،پرنسپل سیکرٹری وزیر اعلی، متعلقہ محکموں کیسیکرٹریز،کمشنر لاہورڈویژن و اعلی افسران نے شرکت کی،اجلاس میں ڈویژنل کمشنرزبھی ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے، اجلاس میں پنجاب کے ہر ضلع میں انسداد ڈینگی کیلئے جاری مہم کے حوالے سے متعلقہ محکموں کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا اور ماہرین نے اجلاس میں ہونیوالے شرکاء کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ڈینگی لاروا کو مکمل طورپر ختم کرنا ضروری ہے۔وزیر اعلی حمزہ شہباز نے ڈینگی کنٹرول مہم کی مانیٹرنگ کیلئے یونین کونسل کی سطح پر خصوصی کمیٹیاں بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے مانیٹرنگ کمیٹیوں کی تشکیل کا عمل 24گھنٹے میں مکمل کرنے کا حکم دیا۔حمزہ شہبازنے کہاکہ ڈپٹی کمشنرز ڈینگی کنٹرول مہم کی مانیٹرنگ کے لئے خود فیلڈ میں نکلیں اورہر ضلع میں ہیلتھ افسران کو بھی مہم کی مانیٹرنگ کیلئے فیلڈ وزٹ کرنے کا حکم دیں۔وزیر اعلی حمزہ شہباز نے انسداد ڈینگی کے حوالے سے غیر تسلی بخش کارکردگی پر 4 اضلاع کے انتظامی افسران کووارننگ دیتے ہوئے کہاکہ انسداد ڈینگی کیلئے فیلڈ سرگرمیوں کا تمام ڈیٹا اپ ڈیٹ اور مستند ہوناچاہئے،یہ انسان کی زندگیوں کا معاملہ ہے، کارکردگی کو بہتر بنا یاجائے،تمام محکمےڈینگی کنٹرول کیلئے اپنا متعین کردار بھر پور طریقے سے ادا کریں، انسداد ڈینگی مہم میں خامیوں کو فوری طورپر دور کیا جائے،غیر تسلی بخش کارکردگی پر ذمہ دار افسروں کے خلاف انضباطی کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔