
وزیراعظم شہباز شریف نے میانوالی میں چشمہ 5 (سی 5) نیوکلیئر پاور پلانٹ کے گنبد کی تنصیب کی تقریب میں شرکت کی، اس موقع پر چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی موجود تھے۔
حکام کے مطابق 1200 میگاواٹ کے اس منصوبے کا سنگ بنیاد جولائی 2023 میں رکھا گیا تھا اور گنبد کی تنصیب کا مرحلہ مقررہ وقت سے پہلے مکمل کر لیا گیا ہے، پلانٹ سے بجلی کی پیداوار ستمبر 2030 میں شروع ہونے کا ہدف ہے۔
تقریب سے خطاب میں وزیراعظم نے اس پیش رفت کو تاریخی سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایٹمی توانائی صاف، قابل بھروسہ اور سستی بجلی کا ذریعہ ہے اور یہ منصوبہ ملک کی توانائی کے تحفظ کی جانب اہم قدم ہے۔
وزیراعظم نے منصوبے پر کام کرنے والے پاکستانی اور چینی انجینئرز، ٹیکنیشنز اور کارکنوں کی محنت کو سراہا اور پاک چین تعاون کی تعریف کی۔



