پنجاب حکومت نے صوبے میں 100 یونٹ تک استعمال کرنیوالے گھریلو صارفین کو مفت بجلی دینے کا اعلان

لاہور (آن لائن) پنجاب حکومت نے صوبے میں 100 یونٹ تک استعمال کرنے والے گھریلو صارفین کو مفت بجلی دینے کا اعلان کردیا۔ پچھلے 6 ماہ میں جنہوں نے 100 یونٹ بجلی استعمال کی ہے، پنجاب حکومت انہیں مفت بجلی فراہم کرے گی، 100 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والوں کے بل کا خرچہ اگست سے پنجاب حکومت اٹھائے گی، وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ ہمیں عوام کی مشکلات کا احساس ہے، 74سال بعد قوم ایک دہرائے پر کھڑی ہے، سیاست نہیں ریاست کو بچانا ہے معیشت کو بچانا ہے، مجبوری کے تحت سخت فیصلے کیے گئے، آج ہمیں اس ملک کو بچانا ہے، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پرکڑوے فیصلے دل پرپتھر رکھ کرکیے، میں آج تین مہینوں کا حساب دینے آیا ہوں، میں جب تک وزیر اعلی رہوں گا سچی بات کروں گا،چور ڈاکو کے نعرے نہیں لگاؤں گا، میرا پچھلے تین مہینے کا سفر آئینی اور قانونی بحرانوں سے بھرا پڑا ہے، آج بین الاقوامی منڈی میں گندم کی قیمت ساڑھے پانچ ہزار فی من سے زیادہ ہوچکی ہے، ہم نے 50 لاکھ ٹن گندم خرید کر اپنے اسٹاک پورے کیے۔ میں کبھی عمران نیازی کی طرح یہ نہیں کہوں گا نوے دن میں سب مسئلے حل ہو جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ماڈل ٹاؤن میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے کہا کہ آج پاکستانی قوم سے اور صوبے کی عوام سے چند باتیں کرنا چاہتا ہوں، جب بجلی کا بل آتا ہے تو قیامت ڈھاتا ہے، پچھلے 6 ماہ میں جنہوں نے 100 یونٹ بجلی استعمال کی ہے، پنجاب حکومت انہیں مفت بجلی فراہم کرے گی، 100 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والوں کے بل کا خرچہ اگست سے پنجاب حکومت اٹھا ئے گی۔ پنجاب بھر میں 100 یونٹس سے کم بجلی استعمال کرنے والوں کی اوسط 44 لاکھ سے 90 لاکھ خاندان سالانہ بنتی ہے، ایک خاندان کے 6 افراد بھی شامل کریں تو ساڑھے پانچ کروڑ صوبے کی عوام کا جو غریب ترین طبقہ ہے اور صوبے کی آدھی آبادی بنتی ہے۔ہم ضرورت مند افراد کو سولر پینل مفت فراہم کریں گے، اجالا پروگرام کے ذریعے ضرورت مندوں کو مفت سولر پینل دیں گے، پنجاب حکومت نے سستی بجلی فراہم کرنے کے لیے 100 ارب روپے رکھے ہیں، اس سے 90 لاکھ خاندانوں کو فائدہ ہوگا۔ آج کے بعد 100 یونٹ استعمال کرنے والے گھریلو صارفین کو بجلی کا بوجھ اٹھانے کی فکر سے آزاد ہوجانا چاہیے۔