وفاقی وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت کے پی میں ایمرجنسی نفاذ سے متعلق سنجیدگی سے غور کر رہی ہے۔ دہشتگردی کے خلاف ناکامی کے باعث آرٹیکل 232 کے تحت ایمرجنسی نفاذ پر غور کیا جا رہا ہے۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے طارق فضل چوہدری نے کہا کہ ایمرجنسی کے نفاذ کی صورت میں پیپلز پارٹی حکومت سے تعاون کرے گی، ایمرجنسی نفاذ کے لیے جو بھی سیاسی نقصان اٹھانا پڑے ہم اس کے لیے تیار ہیں۔
طارق فضل چوہدری کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں دہشتگردی میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ عوام اور امن و امان قائم کرنے والے اہلکار شہید ہو رہے ہیں۔ خیبر پختونخوا حکومت صوبے میں امن وامان کی صورتحال پر قابو پانے میں ناکام ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہشتگردی بلوچستان میں بھی ہے لیکن وہاں کے وزیراعلیٰ روک تھام کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔ خیبر پختونخوا حکومت دہشتگردی کی روک تھام کے سلسلے میں وفاقی حکومت کی راہ میں رکاوٹ بنی ہوئی ہے۔



