پاکستان میں ہونے والے حملوں میں 80 فیصد خود کش بمبار افغان ہیں، ڈی جی آئی ایس پی آر

ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری کا کہنا ہے کہ افغان طالبان رجیم سے ایک ہی ٹھوس مطالبہ ہے کہ وہ افغان سرزمین سے پاکستان میں دہشت گردی روکے، افغانستان سے پاکستان آنے والی ہر تشکیل میں افغان شہری ہوتے ہیں، 80 فیصد خود کش بمبار افغان ہیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے عرب میڈیاکو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان عملی طور پر سعودی عرب کی مدد کیلئے وہاں موجود ہے، ہم سفارتی لحاظ سے بھی ساتھ کھڑے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان حرمین شریفین اور سعودی عرب کی حفاظت کیلئے کسی بھی حد تک جانے کیلئے تیار ہے۔ سعودی عرب کی سلامتی کیلئے ہمارا عزم غیر مشروط ہے، یہ عزم ایک جذباتی، دیرینہ، تاریخی اور اٹوٹ رشتے سے جڑا ہے۔