صوبائی حکومتوں سے ملکر پیٹرولیم مصنوعات کی مصنوعی قلت پیدا کرنے والوں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے، وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ صوبائی حکومتوں سے مل کر پیٹرولیم مصنوعات کی مصنوعی قلت پیدا کرنے والوں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے۔

انھوں نے یہ بات خطے میں کشیدگی کے ملکی معیشت پر اثرات سے متعلق اسلام آباد میں جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں سادگی و کفایت شعاری کے اقدامات پر رپورٹ پیش کی گئی۔

وزیراعظم نے اس موقع پر ہدایت کی کہ ہر ممکنہ چیلنج سے نمٹنے کے لیے مکمل تیاری رکھیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ گزشتہ سادگی و کفایت شعاری مہم میں عوام نے بھرپور کردار ادا کیا، عوام کے تہہ دل سے مشکور ہیں۔ ملکی معیشت مستحکم ہے، ضرورت پڑنے پر بروقت اقدامات کیلئے جامع لائحہ عمل مرتب کیا جائے۔

وزیراعظم نے پیٹرولیم مصنوعات اور توانائی بچت کی قومی مہم میں عوام کے بھرپور تعاون کو سراہا اور کہا کہ ملک میں ایندھن فراہمی کی صورتحال کا بہترین انتظام کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ عام آدمی، موٹرسائیکل سواروں، رکشا ڈرائیوروں اور ٹرانسپورٹرز کو تحفظ فراہم کیا گیا۔ حکومتی سبسڈی سے ایندھن قیمتوں کے اضافے کے اثرات کو مؤثر انداز میں کنٹرول کیا گیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ جیسے گزشتہ سادگی مہم میں عوام نے ساتھ دیا اس طرز پر کفایت شعاری کو قومی سطح پر اپنانا ہوگا، ملکی ضروریات کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کے وافر ذخائر موجود ہیں۔

اس موقع پر اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ مستقبل کیلئے پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی کو یقینی بنالیا گیا ہے۔

اجلاس میں وفاقی وزرا احد چیمہ، محمد اورنگزیب، علی پرویز ملک، اویس لغاری، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی، معاون خصوصی طارق باجوہ اور گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد شریک ہوئے۔