وزیراعظم کی صدر ٹرمپ اور امریکی عوام کو 250ویں یوم آزادی پر مبارکباد

وزیراعظم شہباز شریف نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور امریکی عوام کو امریکا کی 250ویں یوم آزادی پر مبارکباد دی۔

ایک بیان میں وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان پائیدار جمہوری اقدار کی خوشی میں امریکا کے ساتھ ہے، دونوں ممالک کے درمیان 7 دہائیوں سے زائد عرصے پر محیط شراکت داری قائم ہے۔

انھوں نے کہا کہ پاکستانی نژاد امریکی برادری نے اس شراکت داری کو مزید مضبوط بنایا ہے، عالمی امن کو درپیش چیلنجز میں امریکا اور پاکستان ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے، جنوبی ایشیا میں امن کےلیے صدر ٹرمپ کے کردار کو تسلیم کرتے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ اس کردار نے ممکنہ تباہ کن جنگ کو روک کر کروڑوں جانیں بچائیں، عالمی تنازعات کےخاتمے کے لیے صدر ٹرمپ کی کوششیں قابل تحسین ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ دونوں ممالک ایک روشن اور امید افزا مستقبل کی جانب بڑھ رہے ہیں، پاکستان امریکا کے ساتھ شراکت داری مزید مضبوط بنانے کےلیے پرعزم ہے۔