سازشی بیانیہ نہیں عوام کی خدمت چلے گی، لیپ ٹاپ سکیم پھر شروع ہورہی ہے،حمزہ شہباز

لاہور (آن لائن)وزیر اعلیٰ پنجاب محمد حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ سازشی بیانیہ نہیں عوام کی خدمت چلے گی طلبہ کے لئے لیپ ٹاپ سکیم پھر شروع ہورہی ہے۔عام آدمی کی حالت زار بدلنے کے لئے تما م تروسائل بروئے کار لا رہے ہیں،مشکلات سے نہیں گھبراتے،مسائل پر قابو پا کر دم لیں گے- وزیر اعلیٰ حمزہ شہباز نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے مخلوق کی خدمت کا موقع دیا،وقت ضائع کئے بغیر سرگرم عمل ہیں۔ عوام کی مشکلات اور دکھوں کا احساس ہے اسی لئے کابینہ نہ ہونے کے باوجود فوری طور پر 200-ارب سبسڈی دیکر آٹا سستا کیا،حمزہ شہباز نے کہا کہ تحصیل اور ڈسٹرکٹ ہسپتالوں میں مفت ادویات دستیاب  ہیں۔کینسر مریضوں کو ادویات کی مفت فراہمی کے لئے فوری اقدامات کئے۔سرکاری ہسپتالوں کی او پی ڈی کو بہتر بنا رہے ہیں۔حمزہ شہباز نے کہا کہ مزدور کے لئے کم از کم اجرت 25ہزار مقرر کر دی۔مہنگا ئی پر قابو پانے کیلئے پرائس کنٹرول کمیٹیوں کو فعال کردیا گیا۔سیف سٹی کیمروں کی بحالی سیصورتحال میں بہتری آئے گی۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کی رضا کیلئے مخلوق خدا کی خدمت ہی میرا منشور ہے-