وفاقی اردو یونیورسٹی میں امتحانات کا بائیکاٹ چوتھے روز بھی جاری رہا

انجمن اساتذہ وفاقی اردو یونیورسٹی عبدالحق کیمپس اور گلشنِ اقبال کیمپس کے زیرِ اہتمام امتحانات کا بائیکاٹ چوتھے روز بھی جاری رہا۔

اساتذہ جمعرات کی صبح یونیورسٹی کے انتظامی بلاک کے سامنے بڑی تعداد میں جمع ہوئے جنہوں نے ’وائس چانسلر حاضر ہو‘ کے نعرے لگائے اور مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کیا۔

بائیکاٹ کے چوتھے روز منعقد ہونے والے احتجاجی جلسے میں کراچی یونیورسٹی ٹیچرز سوسائٹی کے صدر ڈاکٹر سید غفران عالم اور جنرل سیکریٹری ڈاکٹر ذیشان اقبال صدیقی نے شرکت کر کے یکجہتی کا اظہار کیا اور اساتذہ کے مطالبات کی حمایت کا اعلان کیا۔

اردو یونیورسٹی میں امتحانی بائیکاٹ کا دوسرا روز، وائس چانسلر کیخلاف احتجاج
اس موقع پر انجمن اساتذہ گلشنِ اقبال کیمپس کے جنرل سیکریٹری ڈاکٹر افتخار احمد طاہری، انجمن اساتذہ عبدالحق کیمپس کے صدر ڈاکٹر روشن علی سومرو، نائب صدر ڈاکٹر اصغر علی دشتی، جنرل سیکریٹری ڈاکٹر اقبال حسین نقوی اور جوائنٹ سیکریٹری ڈاکٹر عرفان عزیز نے خطاب کیا۔

جلسے کے آخر میں منظور ہونے والی قرارداد میں 2 ماہ کی تنخواہوں، 4 ماہ کی پینشن، بعد از ریٹائرمنٹ بقایا جات، 26 ماہ کی ہاؤس سیلنگ، میڈیکل کی سہولتوں کی بندش، سینیٹ کی منظوری کے بغیر یونیورسٹی کے اندر قرشی انڈسٹریز کے دوا خانوں کے قیام اور وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضابطہ خان شنواری کی انتظامی دفاتر سے غیر حاضری کو قابلِ مذمت قرار دیا گیا۔

اساتذہ نے وائس چانسلر کی جانب سے قائم کی گئی کمیٹی کو مسترد کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ وائس چانسلر کراچی میں تشریف لائیں اور اساتذہ کے مسائل حل کریں۔