عدالت نے ملزمہ انمول عرف پنکی کے سہولت کاروں کی درخواستِ ضمانت پر فیصلہ مؤخر کر دیا۔
سیشن عدالت جنوبی کراچی میں انمول عرف پنکی کے خلاف گارڈن تھانے میں درج منشیات کی برآمدگی کے کیس کی سماعت ہوئی۔
فاضل جج کی رخصت کے باعث ملزمہ کے سہولت کاروں کی درخواستِ ضمانت پر فیصلہ کل تک موخر کر دیا گیا۔
واضح رہے کہ ملزمان سہیل الرحمٰن اور ذیشان نے مقدمے میں ضمانت کی درخواست دائر کر رکھی ہے۔
انمول عرف پنکی کیس: شریک ملزمان کی درخواستِ ضمانت پر فیصلہ محفوظ
ملزمان کے وکیل نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ ملزمان کا انمول عرف پنکی کے فعل سے کوئی تعلق نہیں جبکہ پولیس کے مطابق ملزمان کے خلاف تھانہ گارڈن میں مقدمہ درج ہے۔
دوسری جانب سٹی کورٹ میں جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت میں بھی انمول عرف پنکی کے خلاف گارڈن تھانے میں درج منشیات کے مقدمے کی سماعت ہوئی جہاں پولیس نے نئی رپورٹ عدالت میں جمع کروا دی۔
پولیس کی رپورٹ کے مطابق انمول عرف پنکی کو 12 مئی کو گرفتار کیا گیا تھا جبکہ اس کے 3 سہولت کاروں ذیشان، سہیل اور سمیر کو بھی گرفتار کیا گیا تھا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ملزمہ کے 7 قریبی ساتھی مفرور ہیں جن میں 2 خواتین بھی شامل ہیں۔



