پاکستان میں ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے وزیرِاعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کے جنگ کے خاتمے میں کردار کو قابلِ تحسین قرار دے دیا۔
ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی کے دورۂ پاکستان کے موقع پر اسلام آباد میں تعینات ایرانی سفیر نے حکومتِ پاکستان، پاک فوج اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔
اپنے بیان میں ایرانی سفیر نے وزیرِاعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں امن کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ جنگ کے خاتمے میں ان دونوں رہنماؤں کا کردار قابلِ قدر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایرانی وفد کا دورہ مکمل تحفظ، مؤثر منصوبہ بندی اور بہترین انتظامات کے تحت انجام پایا، جبکہ پاکستانی اداروں کی کارکردگی قابلِ تعریف رہی۔
ایرانی سفیر نے پاک فوج، حفاظتی دستوں، پولیس اور سرکاری اداروں کے عملے کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور اسلام آباد کے شہریوں کی مہمان نوازی، صبر اور تعاون کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
انہوں نے پاکستان کو برادر، دوست اور ہمسایہ ملک قرار دیتے ہوئے دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔



