چینی وزارتِ خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ایسے اقدامات پر گہری تشویش ہے اور امید کی جاتی ہے کہ تمام فریقین جنگ بندی معاہدے کی پاسداری کے لیے ذمہ دارانہ طرزِ عمل اختیار کریں گے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ امریکا اور ایران کے درمیان جاری مذاکرات اس وقت نازک مرحلے میں ہیں، اور چین اس عمل میں تعمیری کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔
واضح رہے کہ امریکی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے ایرانی بحری جہاز پر کارروائی کرتے ہوئے اسے اپنی تحویل میں لے لیا ہے اور اس کی ویڈیو بھی جاری کی گئی ہے۔
عالمی بحری اعداد و شمار کے مطابق یہ جہاز ایک کنٹینر شپ ہے جو ایرانی پرچم کے تحت رجسٹرڈ ہے، اور واقعے کے وقت اس کی رفتار انتہائی کم ریکارڈ کی گئی تھی۔
اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر بیان میں کہا تھا کہ امریکا نے ایک ایرانی بحری جہاز کو روکا اور اس پر قبضہ کر لیا ہے، جس پر ان کے مطابق ناکہ بندی کی خلاف ورزی کا الزام تھا۔



