ایرانی بحری جہاز پر امریکی کارروائی اور اس کے ممکنہ جوابی ردِعمل کے خدشات کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے۔
برطانوی خام تیل کی قیمت میں تقریباً پانچ فیصد اضافہ ہوا، جس کے بعد پانچ اعشاریہ تیرہ ڈالر اضافے سے فی بیرل قیمت پچانوے اعشاریہ اکاون ڈالر تک پہنچ گئی۔
اسی طرح امریکی خام تیل بھی مہنگا ہو گیا اور اس کی قیمت میں سات فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد فی بیرل قیمت اناسی اعشاریہ اسی ڈالر ہو گئی۔
ادھر عالمی سطح پر گیس کی قیمت میں بھی لگ بھگ دو فیصد اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد قیمت دو ڈالر اکہتر سینٹ فی ایم ایم بی ٹی یو تک پہنچ گئی۔
دوسری جانب امریکا نے ایک ایرانی بحری جہاز کو اپنی تحویل میں لینے کا دعویٰ کیا ہے۔ امریکی مرکزی عسکری کمان نے کہا ہے کہ مذکورہ جہاز اب ان کے قبضے میں ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر بیان دیتے ہوئے کہا تھا کہ امریکا نے ناکہ بندی کی خلاف ورزی کرنے والے ایک ایرانی بحری جہاز کو نشانہ بنا کر اس پر کنٹرول حاصل کر لیا۔ ان کے مطابق امریکی فوج نے آبنائے ہرمز میں ایک ایسے جہاز کو روکا جو مبینہ طور پر پابندیوں کی خلاف ورزی کی کوشش کر رہا تھا۔



