چین کے شہر مکاؤ میں ایک عجیب و دلچسپ واقعہ پیش آیا جہاں پولیس نے ایک انسان نما روبوٹ کو حراست میں لے لیا۔ وجہ؟ اس روبوٹ نے ایک 70 سالہ خاتون کو اس قدر خوفزدہ کر دیا کہ انہیں طبی معائنہ کروانا پڑ گیا۔
واقعہ اُس وقت پیش آیا جب تقریباً ساڑھے چار فٹ قد کا یہ روبوٹ ایک سڑک پر موجود تھا اور اچانک ایک بزرگ خاتون کے بہت قریب پہنچ گیا۔ خاتون، جو اس وقت اپنے فون میں مصروف تھیں، جیسے ہی پلٹیں تو روبوٹ کو اپنے بالکل قریب پایا۔ اس اچانک منظر نے انہیں خوفزدہ کر دیا اور وہ زور زور سے چیخنے لگیں۔
عینی شاہدین کے مطابق روبوٹ نے اس دوران اپنے ہاتھ اوپر اٹھائے، جیسے کسی کو ڈانٹ رہا ہو، جس سے خاتون مزید گھبرا گئیں۔ وہاں موجود لوگوں نے اس غیر معمولی منظر کی ویڈیو بھی بنا لی۔
اطلاع ملنے پر پولیس اہلکار موقع پر پہنچے اور روبوٹ کو اپنے ساتھ لے گئے۔ اگرچہ روبوٹ نے کوئی حملہ نہیں کیا ، تاہم خاتون کو احتیاطاً اسپتال لے جا کر چیک اپ کروایا گیا اور بعد میں گھر روانہ کر دیا گیا۔
تحقیقات سے معلوم ہوا کہ یہ روبوٹ دراصل ایک تعلیمی ادارے کی تشہیری سرگرمی کا حصہ تھا، جسے ایک 50 سالہ شخص دور بیٹھ کر کنٹرول کر رہا تھا۔ متعلقہ شخص کا کہنا تھا کہ وہ روبوٹ کے فیچرز کی آزمائش کر رہا تھا، تاہم حکام نے اسے آئندہ زیادہ احتیاط برتنے کی سخت تنبیہ کی ہے۔



