پی ٹی اے نے شہریوں کو جعلی سمز کے اجرا سے بچنے کیلئے ہدایت نامہ جاری کر دیا

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی ( پی ٹی اے) نے شہریوں کو جعلی سمز کے اجرا سے بچنے کے لیے ہدایت نامہ جاری کر دیا ہے۔

پی ٹی اے نے کہا کہ چوک چوراہوں یا بازاروں سے مفت سمز نہ لیں۔ نئی سم ہمیشہ موبائل کمپنی کے کسٹمر سروس سینٹر یا مجاز فرنچائز سے حاصل کریں۔ اپنی اجازت کے بغیر کوئی سم آپ کے شناختی کارڈ پر رجسٹرڈ نہ ہو۔ مفت سم کے لالچ میں بائیو میٹرک تصدیق نہ کروائیں، کیونکہ دھوکا دہی سے آپ کے نام پر دوسری سم جاری ہو سکتی ہے۔ اپنے نام پر رجسٹرڈ اضافی یا غیر استعمال شدہ سمز فوری طور پر بلاک کرائیں۔

پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات شہریوں کو مالی اور شناختی دھوکا دہی سے بچانے کے لیے ضروری ہیں۔