امریکی بحریہ نے اپنے دو بڑے جنگی جہازوں پر خوراک کی کمی سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ تمام اہلکاروں کو مکمل اور متوازن کھانا فراہم کیا جا رہا ہے۔
بحریہ کے اعلیٰ حکام کے مطابق یو ایس ایس ابراہم لنکن اور یو ایس ایس طرابلس پر خوراک کی قلت سے متعلق اطلاعات بے بنیاد ہیں۔
یہ وضاحت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی جب سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر کچھ تصاویر وائرل ہوئیں، جن میں مبینہ طور پر فوجیوں کو دی جانے والی خالی یا تقریباً خالی پلیٹیں دکھائی گئی تھیں۔ دونوں جہاز اس وقت مشرقِ وسطیٰ میں تعینات ہیں۔
بحریہ کے سربراہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ دونوں جہازوں پر عملے کے لیے وافر مقدار میں خوراک دستیاب ہے اور اہلکاروں کو صحت مند اور متوازن غذا باقاعدگی سے فراہم کی جا رہی ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ اہلکاروں کی صحت اور فلاح و بہبود اولین ترجیح ہے اور ہر فرد کو مکمل مقدار میں غذائیت سے بھرپور خوراک فراہم کی جا رہی ہے۔



