اٹلی میں ڈاکوؤں نے فلمی انداز میں 25 افراد کو دو گھنٹے تک یرغمال بنائے رکھنے کے بعد بینک لوٹ لیا اور سرنگ کے راستے فرار ہو گئےنیپلز شہر کے ایک مقامی بینک میں واقعہ پیش آیا، دن ساڑھے گیارہ بجے کے قریب تین نقاب پوش اور مسلح افراد فرینڈ کریڈٹ ایگریکول بینک میں داخل ہوئے، وہاں موجود 25 افراد کو یرغمال بنا لیا، نقدی کے علاوہ لاکر کو بھی توڑا گیا اور قیمتی سامان کو تھیلوں میں ڈالا گیا۔
مقامی میڈیا کے مطابق کافی دیر تک باہر کسی کو خبر نہیں ہوئی کہ اندر کیا چل رہا ہے، تاہم جب باہر سے کسی نے پولیس کو خبر کی تو وہ حرکت میں آئی، فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پولیس نے پہنچنے پر اندر جانے کی کوشش کی تو دروازہ اندر سے بند تھا، جس پر پولیس ایک کھڑکی کو توڑتے ہوئے اندر داخل ہوئی، تو لوگ اوندھے منہ زمین پر لیٹے ہوئے تھے اور ڈاکو موجود نہیں تھے۔
پولیس کو ایک سرنگ ملی جس کے راستے ڈاکو فرار ہوئے تھے، کچھ پولیس اہلکار اس سرنگ میں گھسے تو وہ ایک گٹر تک گئی ہوئی تھی اور ڈاکو گٹر کے راستے ہی نکلے تھے۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ چور درجنوں کی تعداد میں لاکرز سے چیزیں نکال کر لے گئے ہیں، جب یہ پوچھا گیا کہ جن ڈبوں کو لے جایا گیا ان میں کیا سامان تھا تو بتایا گیا کہ ان لاکر ڈبوں کے مالکان کے علاوہ کسی کو کچھ معلوم نہیں۔
رپورٹ کے مطابق واقعہ کے بعد پولیس کی جانب سے سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا جس میں 40 افسران کے علاوہ سراغ رساں کتے بھی شامل ہیں، جب کہ موقع سے چوروں کے فنگر پرنٹس اور دوسرے شواہد بھی اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔
بینک کی جانب سے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ شکر ہے کہ پولیس نے تیز کارروائی کی اور دن ڈیڑھ بجے کے قریب تمام یرغمالیوں کو بغیر کسی نقصان کے رہا کرا لیا گیا۔



