ٹک ٹاک نے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے تعاون سے پاکستان بھر کے نوجوانوں میں ڈیجیٹل سیفٹی سے متعلق آگاہی پیدا کرنے کیلئے #DigitalHifazat مقابلہ شروع کرنے کا اعلان کر دیا۔
یہ مقابلہ ٹک ٹاک کے کریئیٹرز کو ایسی مختصر اور مؤثر ویڈیوز تیار کرنے کی دعوت دیتا ہے جن میں چھ اہم شعبوں پر روشنی ڈالی گئی ہو۔
مقابلے کے تحت مواد تخلیق کار سوشل میڈیا کا ذمہ دارانہ استعمال، آن لائن ہراسانی کا مقابلہ، آن لائن دھوکہ دہی کی روک تھام، نوجوانوں کے تحفظ اور فلاح و بہبود کو یقینی بنانا، ٹک ٹاک کے سیفٹی ٹولز کو سمجھنا اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر غلط معلومات کو روکنے جیسے موضوعات پر مختصر ویڈیوز بنا سکیں گے۔
مقابلے کے ذریعے ٹک ٹاک اور پی ٹی اے کا مقصد پلیٹ فارم کے صارفین کو ڈیجیٹل سیفٹی کا پیغام پھیلانے اور شیئر کرنے سے قبل معلومات کی تصدیق کے رُجحان کو فروغ دینے کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔
اس مقابلے میں شرکت کر کے صارفین دوسروں کو ذمہ دارانہ آن لائن طرز عمل کے بارے میں آگاہی دینے میں کردار ادا کر سکیں گے اور سب کے لئے ایک محفوظ ڈیجیٹل ماحول کی تخلیق میں حصہ لیں گے۔



