کوالیفائیڈ پاکستانی نرسز کو ملازمت کیلئے نیویارک بھجوانے پر اتفاق

پاکستان اور امریکا کے مابین کوالیفائیڈ پاکستانی نرسز کو ضروری پراسیس مکمل کرنے کے بعد ملازمت کیلئے نیویارک بھجوانے پر اتفاق ہوگیا۔

نیویارک سٹیٹ اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر فل راموس نے وزارت داخلہ اسلام آباد کا دورہ کیا، اس موقع پر محسن نقوی نے ڈپٹی سپیکر نیویارک اسمبلی اور ان کے وفد کا خیر مقدم کیا۔

وفد میں نیویارک اسمبلی کے ممبر ایلک کرانسے، امریکن پاکستانی پبلک افیرز کے چیئرمین ڈاکٹر اعجاز احمد، صدر نیویارک چیپٹر طارق خان، صدر امتیاز راہی، ڈائریکٹر ڈاکٹر پرویز اقبال، سابق ایگزیکٹو ڈائریکٹر اطہر ترمذی اور نائب صدر ٹیکساس ڈاکٹر خالد محمود شامل تھے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ڈپٹی سپیکر نیویارک اسمبلی نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، تعلیم، صحت اور اقتصادی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال ہوا۔

ملاقات میں کوالیفائیڈ پاکستانی نرسز کو ضروری پراسیس مکمل کرنے کے بعد ملازمت کیلئے نیویارک بھجوانے پر اتفاق کیا گیا، اس ضمن میں طریقہ کار کو جلد حتمی شکل دی جائے گی، صحت، تعلیم اور اقتصادی شعبوں میں تعاون بڑھانے کے مواقع سے استفادہ کرنے کیلئے قابل عمل پلان تیار کیا جائے گا۔

اس موقع پر ڈپٹی سپیکر نیویارک اسمبلی فل راموس نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کو نیویارک کے دورے کی دعوت بھی دی۔