ٹی 20 ورلڈکپ: عمان کو شکست، سپر اوور میں میچ نمیبیا کے نام

آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کے تیسرے میچ میں نمیبیا نے سپراوور میں عمان کو شکست دیدی۔

عمان کی جانب سے دیئے گئے 110 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نمیبیا نے بھی مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 109 رنز ہی سکور کیے جس کے باعث دونوں ٹیموں کے درمیان میچ برابر ہو گیا۔

سپر اوور
نمیبیا کی جانب سے سپر اوور میں بیٹنگ کرنے آل راؤنڈر ڈیوڈ ویزا اور کپتان گرہارڈ ایراسمس آئے، عمان کی جانب سے باؤلنگ بلال خان نے کروائی۔

ویزا نے پہلی گیند پر چوکا اور پھر دوسری پر چھکا لگایا، اس کے بعد تیسری گیند پر دو جبکہ چوتھی پر ایک رن لیا۔

پانچویں اور چھٹی گیند پر کپتان ایراسمس نے دو چوکے لگائے اور یوں 21 رنز بنے اور سپر اوور میں عمان کو جیت کے لیے 22 رنز کا ہدف ملا۔

عمان کی جانب سے بیٹنگ کے لیے عاقب الیاس اور نسیم خوشی آئے جب کہ نمیبیا کی طرف سے ڈیوڈ ویزا نے باؤلنگ کروائی، نسیم خوشی 2 رنز بناکر آؤٹ ہو گئے جس کے بعد ذیشان مقصود بیٹنگ کیلئے آئے۔

عاقب الیاس 7 اور ذیشان ایک رن بنا سکے اور یوں عمان سپر اوور میں 10 رنز ہی بنا سکا جبکہ میچ 11 رنز سے نمیبیا نے اپنے نام کر لیا۔