لاہور: قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم دورہ آئرلینڈ اور انگلینڈ کے دوران ایک مرتبہ پھر ریکارڈ بک میں کئی ریکارڈ اپنے نام کر سکتے ہیں۔
دورہ آئرلینڈ سے شروع ہونے والی 3 ٹی 20 میچز پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ 10 مئی کو ڈبلن میں کھیلا جائے گا، بابراعظم اس دورے کے دوران متعدد سنگ میل عبور کرسکتے ہیں۔ ایک فتح کے ساتھ بابراعظم ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ میں سب سے زیادہ فتوحات سمیٹنے والے کپتان بن جائیں گے، اسوقت یہ ریکارڈ یوگنڈا سے تعلق رکھنے والے برائن مسابا کے نام ہے، جنہوں نے 56 میچز میں سے 44 کامیابیاں بطور کپتان حاصل کی ہیں۔ اس فہرست میں بابراعظم کا دوسرا نمبر ہے جو بطور کپتان 76 میچز میں 44 فتوحات کیساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہیں، افغانستان کے سابق کپتان اصغر افغان 52 میچز میں 42 جبکہ انگلینڈ کے سابق کپتان آئن مورگن 72 میچز میں 42 فتوحات کیساتھ بالترتیب تیسری اور چوتھی پوزیشن پر قابض ہیں۔



