پنشنر کی محنت سے کمائی گئی آمدنی آئین کے آرٹیکل 9 کے تحت اس کا بنیادی حق ہے، عارف علوی

اسلام آ باد (آن لائن) صدر عارف علوی نے پاکستان پوسٹ کو سروس واجبات میں سے خلاف ضابطہ کاٹی گئی 5 لاکھ روپے کی پنشن کی رقم ریٹائرڈ ملازم کو واپس کرنے کی ہدایت کرد ی۔ تفصیلا ت کے مطابق صدر مملکت نے وفاقی محتسب کے فیصلے کے خلاف پاکستان پوسٹ آفس کی درخواست مسترد کرتے ہوے کہا پنشنر کی محنت سے کمائی گئی آمدنی آئین کے آرٹیکل 9 کے تحت اس کا بنیادی حق ہے، صدر مملکت نے کہا ماورائے قانون پنشنر کو رقم کے ایک حصے سے بھیمحروم نہیں رکھا جا سکتا،۔ انہوں نے کہا پنشن ایکٹ 1871 کے تحت پنشن کو ضبط یا قرق نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا پاکستان پوسٹ نے شکایت کنندہ کے پنشن واجبات سے 5 لاکھ روپے کی رقم بلاجواز وصول کی۔ وفاقی محتسب نے اپنے فیصلے میں پاکستان پوسٹ کو شکایت کنندہ کو 45 دن میں ریلیف فراہم کرنے کی ہدایت کی تھی۔ پاکستان پوسٹ نے فیصلے پر عمل درآمد کی بجائے صدر مملکت کے پاس محتسب کے فیصلے کے خلاف درخواست دائر کر دی تھی۔ صدر مملکت نے اپنے فیصلے میں وفاقی محتسب کے فیصلے کو برقرار رکھا، حکم کے 30 دن میں منافع کی شرح کے ساتھ رقم واپس کرنے کی بھی ہدایت کی۔