اسلام آباد(آن لائن) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ دنیا میں معاشی صورت حال گھمبیرہے،گزشتہ حکومت نے پیٹرول کی قیمت کم کرکے آنے والی حکومت کیلئے جال بچھایا،پٹرولیم قیمتیں مجبوری میں بڑھانا پڑیں، جلد معاشی بحران پر قابو پا لیں گے، پی ٹی آئی نے آئی ایم ایف معاہد ے کی دھجیاں اڑائیں، منگل کے روز وفاقی کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ بدقسمتی سے ہمیں جو حکومت ملی اس میں پچھلی حکومت کی بدترین معاشی پالیسیوں، ناعاقبت اندیشی اور بے انتہا ناقص کارکردگی کی بنا پر ہمیں بہت بڑا معاشی چیلنج ملا،ان کا کہنا تھا کہ سب سے بڑی بات یہ ہے کہ دنیا میں تیل اور پیٹرول کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں لیکن پچھلی حکومت نے جاتے جاتے ان کی قیمتیں ان کی قیمتیں کم کر کے حکومت کے لیے ایک جال بچھایا جو 100فیصد بدنیتی پر مبنی فیصلہ تھا، اگر ان کو عوام کی خوشحالی اور مسائل کا درد ہوتا تو وہ ساڑھے تین سال حکومت کے دوران کوئی تو مثال چھوڑ جاتے جس سے ہم یہ کہتے کہ انہوں نے عوام کی بہبود کے لیے کام کیا،شہباز شریف نے کہا کہ دنیا میں معاشی صورتحال بے انتہا گھمبیر ہے، تیل، پیٹرول اور دیگر اجناس کی عالمی قیمتیں بہت تیزی سے بڑھ رہی ہیں لیکن ہم نے اس بجٹ میں فیصلہ کیا کہ جہاں ہمیں پیٹرول اور تیل کی قیمتیں مجبوراً بڑھانی پڑیں، وہیں ہم نے سات کروڑ لوگوں کے لیے ریلیف مہیا کیا جس کے ذریعے دو ہزار روپے مہینہ ہیلپ لائن کے ذریعے کروڑوں لوگوں کو دیا جا رہا ہے،انہوں نے کہا کہ ہم نے بجٹ میں فیصلہ کیا کہ غریب آدمی پر پڑنے والے بوجھ کو بانٹیں گے اور صاحب ثروت لوگوں پر ٹیکس لگائیں گے تاکہ غریب کو یقین ہو جائے کہ اگر ان پر بوجھ آیا ہے تو ہم امیر ترین طبقے پر بھی ٹیکس لگا رہے ہیں اور مجھے خوشی ہے کہ وہ اس موقع پر خوشی کے ساتھ قوم کا ساتھ دیں –
Load/Hide Comments



