کوئٹہ(آن لائن) رہنما بلوچستان عوامی پارٹی سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا ہے کہ پر امن اور خوشحال بلوچستان پاکستان کا مستقبل اور ترقی کا محور ہے۔ انہوں نے بلوچستان عوامی پارٹی کے انٹرا پارٹی الیکشن میں نومنتخب مرکزی صدر عبدالقدوس بزنجو، جنرل سیکرٹری منظور احمد کاکڑو صوبائی صدر و جنرل سیکرٹری صالح بھوتانی اور نور محمد دمڑ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پارٹی الیکشن جمہوری عمل ہے جسے بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنماؤں اور کارکنوں نے کامیابی سے ہمکنار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی میں کوئی اختلاف نہیں روٹھے ہوئے ساتھیوں کو منا لیا جائے گا۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ بلوچستان کو احساس محرومی سے نکالنے کے لئے وفاق اور دوسرے صوبوں کو اپنا دل بڑا کرتے ہوئے بلوچستان کی ترقی میں اپنا بھرپور حصہ ڈالنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی کے نو منتخب مرکزی صدر میر عبدالقدوس بزنجو وزیراعلیٰ بلوچستان کی حیثیت سے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ بلوچستان کے عوام کی فلاح و بہبود کے لئے دن رات کوشاں ہیں۔عبدالقدوس بزنجو کی قیادت میں بلوچستان حکومت نے صوبہ کو مشکل حالات سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک مشکل دور سے گزر رہا ہے اور ہم سب کو مل کر پاکستان کو مشکلات سے نکال کر معاشی ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہوگا اور اس کے لئے تمام سیاسی پارٹیوں اور ملکی اداروں کو اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی صوبے کی عوام میں مقبول ترین اور سب سے بڑی سیاسی پارٹی ہے اور حالیہ بلدیاتی الیکشن میں بی اے پی کی بھرپور کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ بلوچستان کے عوام ہم پر اعتماد کرتے ہیں اور ہم بلوچستان کے عوام پر پورا ترنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے مزید کہا کہ آئندہ الیکشن میں بلوچستان عوامی پارٹی عوام کے ووٹوں سے ایک بار پھر بھاری اکثریت سے کامیاب ہو گی اور آئندہ بھی بلوچستان عوامی پارٹی ہی بلوچستان میں حکومت سازی کرے گی۔انہوں نے کہا کہ پارٹی کے مخلص کارکن پارٹی کا اثاثہ ہے۔انہوں نے کہا کہ پرامن اور خوشحال بلوچستان پاکستان کا روشن مستقبل ہے۔ بلوچستان میں سی پیک اور گوادر جیسے منصوبے پاکستان کی ترقی کا محور ہیں جن کی تکمیل سے بلوچستان سمیت پورا پاکستان ترقی کرے گا۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان بجٹ 2022-23بلوچستان کی ضروریات کو مدنظر رکھ کر بنایا گیا ہے جو کہ تمام بلوچستان کی نمائندگی کرے گا۔اور بلوچستان کے عوام کے لئے ترقی کی نئی راہیں کھولے گااور روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ بجٹ میں بلوچستان کے ہر ضلع میں اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبے رکھے گئے ہیں جس سے بلوچستان ترقی کے سفر میں دیگر صوبوں کے برابر آجائے گا اور صوبے میں سماجی ترقی کے نئے دور کا آغاز ہو گا۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ وزیراعلیٰ میر عبدالقدوس بزنجو کی قیادت میں بی اے پی اور اتحادیوں کی حکومت نے بلوچستان کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے اور حکومت سنبھالتے ہی صوبہ کو معاشی اور اقتصادی بحرانوں سے نکالنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ حکومت نے بہتر اقتصادی معاشی پالیسیوں سے بین الاقوامی سرمایہ کار کمپنیوں کے لئے بلوچستان میں سرمایہ کاری کے لئے نئے باب کھولے اور صوبہ کو معاشی بحران سے نکال کر ترقی کے نئے دور میں داخل کر دیا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ انشاء اللہ بلوچستان حکومت اسی طرح بلوچستان اور اس کے عوام کی خدمت اور اس کی ترقی کے لئے دن رات کوشاں رہے گی اور بہت جلد بلوچستان کو ہر شعبے میں دیگر صوبوں کے برابرلا کھڑا کرے گی۔
Load/Hide Comments



