پنجاب میں بھی مارکیٹیں، بازار اور کاروباری مراکز رات 9 بجے بند ہوں گے

لاہور (آن لائن)پنجاب بھر میں بھی مارکیٹیں، بازار اور کاروباری مراکز رات 9 بجے بند ہوں گے۔یہ فیصلہ وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز سے صوبہ بھر کے تاجر رہنماؤں اورنمائندوں کی ملاقات میں کیا گیا۔تاجر برادری نے توانائی بحران میں حکومتی اقدامات کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا۔صوبہ بھر کے تاجر عہدیدارو ں اور نمائندوں نے انرجی سیونگ کیلئے حکومتی اقدامات کو سراہا۔ وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ ریسٹورنٹس رات ساڑھے11بجے تک کھلے رہیں گے۔شادی ہالز سابق پالیسی کے تحت رات 10 بجے تک کھل سکیں گے۔ہفتے کو تاجر برادری کو کاروبار کے اوقات میں خصوصی رعایت دی جائے گی۔انہوں نے کہاکہ کاروبار رات 9 بجے بند کرنے کے فیصلے کا میڈیکل سٹورز پر اطلاق نہیں ہو گا۔عید کی شاپنگ کے لیے اوقات کار کی پالیسی کا تاجر برادری سے مشاورت سے جائزہ لیا جائے گا۔ اس موقع پر خواجہ سلمان رفیق،خواجہ احمد حسان، رانا مشہور احمد، سید علی حیدر گیلانی، عطا تارڑ، چودھری بلال اصغر،عمران گورایہ اور متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ کاروباری مراکز جلد بند کرنے سے متعلق فیصلے پر عمل درآمد پیر سے ہوگا۔