اگر آپ خود سے مطمئن ہیں تو بیٹنگ کے اگلے لیول پر نہیں پہنچ سکتے: بابر اعظم

لاہور(آن لائن) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ میں جہاں کھڑا ہوں اس سے مطمئن نہیں ہوں ابھی اور بھی منازل ہیں۔ بابر اعظم نے ایک بھارتی کرکٹ ویب سائٹ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ جب میں فلاپ ہوتا ہوں تو کئی لوگوں سے بات کرتا ہوں اور اپنی غلطیوں سے سیکھتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ بنگلادیش پریمیئر لیگ کھیلنے سے ان کنڈیشنز میں سپنرز کو کھیلنے کا تجربہ مل رہا ہے، بی پی ایل میں کوالٹی سپنرز کھیل رہے ہیں اور وکٹیں آسان نہیں ہیں، ہر جگہ کی کنڈیشنز کا علم ہوتا ہے اور ان کنڈیشنز کے مطابق کھیلنے کی کوشش کرتا ہوں۔بابر اعظم نے کہا کہ میں نیوزی لینڈ سے سیدھا یہاں پہنچا، دونوں ممالک کی کنڈیشنز میں فرق ہے، پارٹنرشپ کے لیے وکٹ پر ٹھہر کر کھیلنے کی کوشش کرتا ہوں، ٹی ٹونٹی میں نوجوان خون اچھی چیز ہے لیکن اس کے ساتھ تجربے کی بھی ضرورت ہوتی ہے۔سابق کپتان نے کہا کہ تجربہ کار کھلاڑی کو اندازہ ہوتا ہے کہ دباو میں کیسے سنبھالنا ہے۔ ایشین کھلاڑیوں کو آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، انگلینڈ اور جنوبی افریقا میں مشکل پیش آتی ہے۔ بابر اعظم نے کہا کہ اس کا حل ایک ہی ہے، باونس اور پیس کے لیے خود کو تیار کریں، کور ڈرائیو میری اسٹرینتھ ہے، یہ شاٹ کھیل کر میرے اعتماد میں اضافہ ہوتا ہے، کور ڈرائیو کے لیے میں نے بڑی محنت کی ہے، اب کسی حد تک ماہر ہو گیا ہوں۔