ٹیسٹ رینکنگ، ویرات کوہلی نے بابر اعظم سے چھٹی پوزیشن چھین لی، رضوان اور عامر جمال کی ترقی

لاہور(آن لائن) ویرات کوہلی کی شاندار کارکردگی نے انہیں بلے بازوں کی تازہ ترین آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں چھٹے نمبر پر پہنچا دیا۔ جنوبی افریقہ کے خلاف شاندار فارم کا مظاہرہ کرتے ہوئے کوہلی نے سنچورین میں 38 اور 76 کا اسکور بنایا، اس کے بعد کیپ ٹاون میں فیصلہ کن کھیل میں 46 رنز کی اہم میچ جیتنے والی اننگز کے بعد سیریز 172 رنز پر ختم کی۔رینکنگ میں اس اضافے نے کوہلی کو 775 پوائنٹس تک پہنچا دیا، انہوں نے بابر اعظم کو پیچھے چھوڑ دیا جو آسٹریلیا کے خلاف چھ اننگز میں صرف 126 رنز بنانے میں ناکام کارکردگی کے بعد 768 پوائنٹس کے ساتھ آٹھویں نمبر پر آ گئے۔ دریں اثنا محمد رضوان کی سڈنی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 88 رنز کی شاندار اننگز ان کے لیے 10 درجے کی نمایاں چھلانگ کا باعث بنی، 668 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ وہ 17ویں نمبر پر آگئے۔سعود شکیل 693 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ 14ویں نمبر پر چلے گئے۔ مارنس لیبوشین کے 60 اور 62* کے اسکور نے دائیں ہاتھ کے کھلاڑی کو تین جگہ چھلانگ لگا کر چوتھی پوزیشن پر (802) تک پہنچنے میں مدد کی۔ بیٹنگ رینکنگ میں سرفہرست نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن 864 پوائنٹس کے ساتھ برتری برقرار رکھے ہوئے ہیں، اس کے بعد جو روٹ 859 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے جبکہ آسٹریلیا کے اسٹیو اسمتھ 818 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔بولنگ کے شعبے میں عامر جمال نے اپنی ڈیبیو سیریز میں شاندار تاثر قائم کیا۔ سڈنی ٹیسٹ میں ان کی شاندار چھ وکٹیں انہیں رینکنگ میں 12 درجے اوپر لے گئیں، جس سے وہ 432 پوائنٹس کے ساتھ 45ویں نمبر پر پہنچ گئے۔ شاہین آفریدی 733 پوائنٹس کے ساتھ 12ویں نمبر پر موجود پاکستانی بولر ہیں جب کہ روی چندرن ایشون 863 پوائنٹس کے ساتھ بولنگ رینکنگ میں بدستور سرفہرست ہیں۔