پاکستان ریلوے کا ایکسپریس ٹرینوں کے کرایوں میں 10فیصد اور مال گاڑیوں کے کرایوں میں 15 فیصد اضافے کا اعلان

لاہور(آن لائن) پاکستان ریلوے نے ایکسپریس ٹرینوں کے کرایوں میں 10 فی صد اورمال گاڑیوں کے کرایوں میں 15 فی صد اضافہ کا اعلان کیا ہے۔ریلوے ہیڈ کوارٹر لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ پیٹرول کی قیمتیں بڑھنے سے آٹھ ارب کا بوجھ پڑا ہے اس لئے کرایوں میں معمولی اضافہ کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اب ریلوے صرف ریلوے افسران ہی چلائیں گے، اس میں کوئی مداخلت نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ٹرینوں کے اندر سی سی ٹی وی لگانے پر ڈسکشن ہو رہی ہے، تاہم ابھی تک کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا۔خواجہ سعد رفیق نے پریس کانفرنس میں مزید کہا کہ 2013ء میں ریلوے کا چارج سنبھالا تھا، 18 ارب روپے کمایا تھا، آمدن بڑھ کر 50 ارب ہو چکی تھی اور ریلوے کا خسارہ ساڑھے 36 ارب تھا۔ اب واپس آئے ہیں تو آمدن 53.3 ارب جب کہ خسارہ 37 ارب سے زائد ہے،45 ارب تک جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے کی آمدن بھی سست روی سے چل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہاں نظام خراب کیا گیا ہے۔ ریلوے ہیڈ کوارٹر کے فیصلے اسلام آباد لے جائے گئے۔ٹرین میں زیادتی کیس سے متعلق بات کرتے ہوئے وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ متاثرہ خاتون کو نوکری دی جائے گی اور ان کے نام پر ایک اکاؤنٹ بنا کر اس میں کچھ پیسے جع کرائے جائیں گے۔ اس کیس کو پورا فالو کرتے ہوئے ملزمان کو سزا دلوائیں گے۔ انہوں نے بڑے بڑے وکیل کیے ہیں، ہمیں بھی کرنے پڑے تو کریں گے۔وزیر ریلوے نے کہا کہ ٹرینوں میں صفائی کے نظام کو بہتر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ فیول کی قیمتیں بڑھنے سے 8ارب کا فسکل نقصان ہو رہا ہے۔ ہر ماہ74کروڑ کا نقصان ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پسنجر ٹرینوں کا کرایہ نہیں بڑھا رہے کیونکہ اس میں غریب سفر کرتا ہے۔ مگر ایکسپریس کا 10 فی صد اور فریٹ کا 15 فی صد کرایہ بڑھا رہے ہیں۔ اس سے تقریباً ایک ارب روپے کی بچت کا موقع ملے گا۔خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ اس وقت پاکستان پر مشکل ترین وقت ہے، تاہم اللہ کی مدد سے اس آزمائش سے نکل جائیں گے۔ دھڑے یا افراد جو چاہتے ہیں کہ ساری طاقت ان کے پاس ہو، اب یہ نہیں چلے گا۔میرٹ پالیسی لاگو کر دی ہے، کوئی سیاسی بھرتی نہیں ہوگی بلکہ باقاعدہ اشتہار جاری کیا جائے گا-