بچوں کو چائلڈ لیبر کی بجائے معیاری تعلیم کی فراہمی ہمارا مقصد ہے،چیئرمین سینیٹ

اسلام آباد (ا ٓن لائن) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ بچے پاکستان کا مستقبل ہیں اور ایوان بالا میں چائلڈ لیبر کے خاتمے کیلئے موثر قانون سازی کی گئی ہے،بچوں کو چائلڈ لیبر کی بجائے معیاری تعلیم کی فراہمی ہمارا مقصد ہے،چائلڈ لیبر سے متعلق قوانین پر عمل در آمد کیلیے ٹھوس کوششوں کی ضرورت ہے۔ چائلڈ لیبر ڈے کے موقع پر خصوصی پیغام میں چیرمین سینٹ کا کہناتھا بچوں کو فیکٹریوں، کارخانوں اور گھروں میں کام کرنے کی بجائے سکولوں میں ہونا چاہیے۔بچوں کی تعلیم وتربیت پر توجہ دینا معاشرے کے ہرد فرد کی ذمہ داری ہے۔ہر بچے کو تعلیم اور بہتر صحت کا حق حاصل ہے۔بچوں کی تعلیم و تربیت پر جتنی توجہ دی جائے قوموں کی ترقی کے امکانات اتنے روشن ہوتے ہیں۔پاکستان چائلڈ لیبر کے روک تھام کیلئے اپنی بین الاقوامی ذمہ داریوں پر قائم ہے۔معصوم بچوں سے جبری مشقت کے خاتمے کے لیے سب کو مل کر اپنا حصہ ڈالنا ہوگا۔