وزیر داخلہ سے سعودی سفیر کی ملاقات،دوطرفہ تعلقات سمیت باہمی امور پر گفتگو

اسلام آباد (آن لائن) وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ پاکستان میں 2011 میں قتل ہونے والے سعودی سفارتکار حسن القہطانی کے مجرمان کو جلد قانون کی گرفت میں لائیں گے۔ قتل واقعے میں ملوث تمام مجرمان کے ایف آئی اے کے ذریعے ریڈ نوٹس جاری کردیئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سعودی سفیرنواف بن سعیدالمالکی ک سے بات چیت کے دوران کیا جنہوں نے ان سے سے یہاں ملاقات کی۔ ملاقات میں پاک سعودی دو طرفہ تعلقات سمیت، باہمی دلچسپی کے دیگرامور پر بات چیت کی گئی۔ سعودی سفیر نے رانا ثناء اللہ کو وزارت داخلہ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے پاکستان کے معاشی استحکام کیلئے تین ارب ڈالررول اوور کرنے پرسعودی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا سعودی عرب نے پاکستان کے مشکل ترین حالات میں ہمیشہ دل کھول کر مدد اور معاونت کی ہے۔ سعودی حکومت کی طرف سے تین ارب رول اوور پاکستان کی معیشت کے استحکام کیلئے انتہائی ناگزیر تھا۔ وزیراعظم شہباز شریف کا حالیہ دورہ سعودی عرب پاک سعودیہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کیلئے اہم سنگ میل ثابت ہوگا،وزیراعظم اورانکے وفد کے سعودی عرب دورہ کیلئے انتظامات پربھی سعودی حکومت اورسفارتخانے کے ممنون ہیں۔ اس موقع پر سعودی سفیر نے کہا پاکستان سے اس سال اکیاسی ہزارسے زائد عازمین فریضہ حج ادا کرینگے۔ انہوں نے کہا رواں سال حج کے بہترین انتظامات کیے گئے ہیں پاکستان کیلئے روڑ ٹو مکہ پراجیکٹ کا آغاز ہوچکا ہے۔ وزیرداخلہ رانا ثنااللہ نے کہا پاکستان میں 2011 میں قتل ہونے والے سعودی سفارتکار حسن القہطانی کے مجرمان کو جلد قانون کی گرفت میں لائیں گے۔ انہوں نے کہا قتل واقعے میں ملوث تمام مجرمان کے ایف آئی اے کے ذریعے ریڈ نوٹس جاری کردئیے گئے ہیں۔مجرمان کو پکڑنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔ انہوں نے کہا پاک سعودی تعلقات خراب کرنے کی کسی بھی کو سازش کو ملکر ناکام بنائیں گے۔ انہوں نے کہا پاکستان اورسعودی عرب کے درمیان سکیورٹی تعاون مزید بڑھائیں گے۔ انہوں نے کہا پاکستان اورسعودی عرب ملکر داخلی اورعلاقائی سکیورٹی چیلنجز کا مقابلہ کرینگے۔