ٹرینوں کے جو پرزے پاکستان میں بن سکتے ہیں انہیں ہر گز درآمد نہ کیا جائے: خواجہ سعد رفیق

لاہور (آن لائن)وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کی زیر صدارت لاہور میں اعلی سطحی اجلاس منعقد ہواجس میں آئندہ مالی سال کے ریلوے کے ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔ وفاقی وزیر خواجہ سعدرفیق نے افسران کو ہدایت کی کہ ایندھن اور بجلی کی بچت کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں فیول کے ایک ایک لیٹرکی حفاظت کرنی ہے۔ ٹرینوں کے جو پرزے پاکستان میں بن سکتے ہیں انہیں ہر گز درآمد نہ کیا جائے۔ اجلاس میں پٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں حالیہ اضافے سے پاکستان ریلوے پر پڑنے والے آٹھ ارب کے اضافی بوجھ کے ممکنہ اثرات کا جائزہ بھی لیا گیا۔مسافروں کو سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ ٹرینوں کی تمام کیٹیگریز میں مفت وائی فائی مہیا کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں اور ٹرینوں میں موجود چارجنگ پورٹس، لائٹنگ، واش رومز کے معیار، اکانومی کلاس میں پردوں اور پی او ایچ کے سٹینڈرڈز کو اپ گریڈ کیا جائے-