وزیر اعظم کی ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی بحالی اور بجٹ میں کٹوتی نہ کرنے کی ہدایات

اسلام آباد (آن لائن) وزیراعظم شہباز شریف نے ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی بحالی اور بجٹ 2022-23 میں کٹوتی نہ کرنے کی ہدایات جاری کر دیں۔ وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ ہائیر ایجوکیشن کمیشن کو مسلم لیگ (ن) کے سابق دور کی طرز پر فعال بنایا جائے۔ وزیراعظم نے ہائیر ایجوکیشن کمیشن سے متعلق وزارت منصوبہ بندی اور خزانہ کو ہدایات جاری کیں ہیں۔ انہوں نے کہا ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے بجٹ میں گزشتہ پونے چار سال میں کٹوتیوں نے اعلی تعلیم پر منفی اثر ڈالا ہے، اس عمل کو ریورس کیا جائے۔ا ملک بھر کی یونیورسٹیوں میں تعلیمی پراجیکٹس کی بحالی پر توجہ مرکوز کی جائے۔ اعلی تعلیم کو عالمی معیار پر استوار کرتے ہوئے پروگرامز کی تعداد میں اضافہ کیا جائے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے بجٹ میں کٹوتی نہ کی جائے بلکہ ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے وسائل میں خاطر خواہ اضافہ کیا جائے۔ اساتذہ اور طالب علموں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں۔