حقیقی آزادی لانگ مارچ کی بھرپور تیاریاں جاری ہیں حکمران خوفزدہ ہیں ،چودھری پرویز الہی

لاہور (آن لائن) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ عمران خان کو گرفتار کرنے کا خواب دیکھنے والے اپنی حکومت کی فکر کریں وہ آج گری یا کل گری، خواب دیکھنے پر کوئی پابندی نہیں ہے، حقیقی آزادی لانگ مارچ کی بھرپور تیاریاں جاری ہیں حکمران خوفزدہ ہیں، یہی وجہ ہے کہ وہ ہر غیر قانونی طریقہ اپنا رہے ہیں جس سے لانگ مارچ کو روکا جا سکے لیکن میں انہیں بتا دوں کہ پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنوں پر جھوٹے مقدمات درج کروانے سے تیاریوں میں کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ اس وقت عوام کی ایک ہی دہائی ہے اگر حکومت سنبھال نہیں سکتے تھے تو آئے ہی کیوں؟ عوام کے ساتھ ساتھ آئی ایم ایف کو بھی عارضی حکومت پر اعتبار نہیں، مہنگائی بم کی دوسری قسط جون میں آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے روس کے ساتھ 30 فیصد سستے تیل کا جو معاہدہ کیا تھا اگر اس پر عمل کیا جاتا تو آج ڈالر آسمان سے باتیں نہ کر رہا ہوتا اور نہ ہی مہنگائی کی وجہ سے ملکی معیشت تباہی کے دہانے پر کھڑی ہوتی-