سیالکوٹ (آن لائن) وزیراعلیٰ پنجاب محمد حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ عوام کے دکھوں کا مداوا کرنے کیلئے ہر روز نکلوں گا۔ گالیاں دینے کا معاملہ وہ جانیں، ہم عوام کی خدمت کیلئے آئے ہیں، پٹرول میں 30 روپے اضافہ ہمارے دل پر بھی بوجھ ہے، فیصلہ دل پر پتھر رکھ کر کیا گیا، عوام کی آسانی کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔و زیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے ڈسکہ کے نواحی گاؤں گجرکلہ میں اٹک پولیس وین حادثہ میں شہید کانسٹیبل محمد جاوید کے گھر جا کر بیوہ، بچوں اور بھائیوں سے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ حمزہ شہبازنے لواحقین سے ہمدردی اورتعزیت کااظہار کیا اور شہید محمد جاوید کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی۔ وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے شہید کی بیٹی اور بیٹوں سے شفقت کا اظہار کیا اور شہیدکانسٹیبل محمد جاوید کے بیٹوں کو گلے لگایا۔ وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے کہا کہ فرض کی ادائیگی کے دوران شہادت کا رتبہ پانے والے کانسٹیبل محمد جاوید کو سلام پیش کرتے ہیں۔شہید کانسٹیبل محمد جاوید کو واپس تو نہیں لا سکتا لیکن حکومت آپ کی مکمل دیکھ بھال کرے گی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے بتایا کہ پٹرول میں 30 روپے اضافہ ہمارے دل پر بھی بوجھ ہے۔عوام کا احساس ہے یہ فیصلہ دل پر پتھر رکھ کر کیا گیا۔عوام کی آسانی کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔40 لاکھ ٹن گندم 2200 روپے فی من کے حساب سے خریدی۔عوام کو آٹا 160 روپے کمی کے ساتھ بیچ رہے ہیں۔گھی اور چینی کے نرخ میں بھی کمی لائیں گے۔عوام کی مشکل زندگی کو آسان بنانا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ڈسکہ میں ترقیاتی منصوبوں کیلئے جامع پیکیج دیں گے۔خواجہ آصف نے کہا کہ چار سال سے زیر تکمیل منصوبوں کو مکمل کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے سیالکوٹ میں گورنمنٹ سردار بیگم ہسپتال کا اچانک دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ حمزہ شہباز کا ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرہسپتال سیالکوٹ کا وزٹ شیڈول تھا لیکن ڈرائیور کو گاڑی سردار بیگم ہسپتال لے جانے کی ہدایت کی اور ہسپتال پہنچ کر مختلف وارڈز کامعائنہ کیا۔ مریضوں اور تیمارداروں سے طبی سہولتوں کے بارے میں دریافت کیا۔ وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے چلڈرن وارڈز میں زیر علاج بچوں کی عیادت کی اور ماؤں سے علاج معالجہ کی سہولتوں کا پوچھا۔ وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے زیر علاج بچوں کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ہسپتال میں داخل ہر مریض کو بروقت بہترین علاج معالجہ فراہم کیا جائے دریں اثنا وزیراعلیٰ حمزہ شہبازنے کئی برس سے زیر تکمیل شہاب پورہ اوورہیڈ برج کے منصوبے کا دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے سیالکوٹ شہر کے مختلف علاقوں کا بھی وزٹ کیا۔ وزیراعلیٰ حمزہ شہباز کو شہاب پورہ اوورہیڈ برج کے منصوبے کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے کہا کہ شہاب پورہ پل کا منصوبہ بھی گزشتہ حکومت کی نااہلی کی بھینٹ چڑھا۔شہاب پورہ اوورہیڈ برج کے منصوبے کو جلد مکمل کیا جائے گا۔منصوبے کی ٹائم لائن بنائی جائے۔ تعمیراتی کام میں کوالٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔سیالکوٹ میں سیوریج نظام درست کرنے کے لئے جامع پلاننگ کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پسرور اور ڈسکہ روڈز پر تعمیر ومرمت کام شروع کرائیں گے۔شہر کی سڑکیں بھی خراب ہیں۔شہر کی سڑکوں کی تعمیرو مرمت پر خصوصی توجہ دی جائے۔سیالکوٹ میں صفائی کی صورتحال بہتر بنائیں گے۔کمشنر گوجرانوالہ شہر کی حالت زار کو بہتر بنانے کے حوالے سے پلان پیش کریں۔زیراعلیٰ حمزہ شہباز کا پنجاب یونیورسٹی میں طلبہ تنظیموں میں تصادم کے واقعہ کا نوٹس، رپورٹ طلب، بلاامتیاز کارروائی کا حکم: وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے پنجاب یونیورسٹی میں طلبہ تنظیموں میں تصادم کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کر لی ہے اور تصادم کے ذمہ داروں کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی کا حکم دیا ہے۔ وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے کہا کہ درسگاہوں میں ایسے واقعات ناقابل برداشت ہیں۔کسی کو بھی تعلیمی اداروں کا پرامن ماحول خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔وزیراعلیٰ حمزہ شہباز کا نارووال میں 20 سالہ لڑکی کے قتل کے واقعہ کا نوٹس،آئی جی سے رپورٹ طلب،ملزمان کی گرفتاری کا حکم:وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے نارووال میں 20 سالہ لڑکی کے قتل کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔وزیراعلیٰ نے ملزمان کی جلدگرفتاری کا حکم دیتے ہوئے کہا کہملزمان کو قانون کی گرفت میں لا کر مزید کارروائی عمل میں لائی جائے۔انہوں نے کہا کہمقتولہ کے خاندان کو ہر صورت انصاف فراہم کیا جائے اورملزمان کسی رعایت کے مستحق نہیں –
Load/Hide Comments



