لاہور کے کئی علاقے گھنٹوں تک میدانِ جنگ بنے رہے

لاہور (آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے قائد عمران خان کی کال پر نکالے جانے والے لانگ مارچ میں لاہور پولیس نے پارٹی کارکنوں کی جانب سے مارچ کرنے کی کوشش ناکام بنادی۔ منگل کی صبح پارٹی کارکنوں نے قافلوں کی شکل میں لانگ مارچ کا آغاز کرتے ہوئے لاہور سے اسلام آباد کیلئے روانہ ہونے کی کوشش کی۔ تو پولیس کی حکمت عملی کے باعث شہر کے بالخصوص چار پوائنٹس جن میں پی
ایم جی چوک، بھاٹی چوک، بتی چوک اور نیازی چوک، چند گھنٹوں کے لئے میدان جنگ بنا رہا۔ پولیس اور پی ٹی آئی کے مشتعل کارکنوں کے درمیان تصادم کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ پولیس نے پی ٹی آئی کے کارکنوں کو منتشر کرنے کے لئے لاٹھی چارج اور آنسو گیس کا استعمال کیا جبکہ پی ٹی آئی کے کارکنوں نے پولیس کے ساتھ مزاحمت کرتے ہوئے پولیس پر ڈنڈوں اور پتھراؤں سے حملہ کردیا۔ جس کے نتیجے میں پولیس کے متعدد اہلکاروں اور پی ٹی آئی کے کے زخمی ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ منگل کی دوپہر تقریباً ایک بجے تک شہر کے مذکورہ علاقے میدان جنگ بنے رہے۔ لیکن جب پولیس نے کارکنوں کو منتشر کرنے کے لئے آنسو گیس کا استعمال کیا گیا تو پی ٹی آئی کے کارکن ان پوائنٹس سے دوڑ لگا گئے اور دوبارہ واپس نہ آئے۔ پولیس نے مختلف مقامات پر پی ٹی آئی کے کارکنوں کو منتشر کرنے کے بعد ٹریفک بحال کردی۔ تاہم چند مقامات پر کارکنوں کے دوبارہ نمودار ہونے پر پولیس ان مقامات کو گاڑیاں اور کنٹینرز لگا کر بند کردیا۔ دوبارہ بند کئے جانے والے مقامات میں راوی، نیا پل، پرانا پل، بھاٹی چوک اور ٹمبر مارکیٹ، لوئر مال روڈ شامل ہیں۔ تاہم اس دوران بعض ورکرز پولیس کی جانب سے لگائے جانے والی رکاوٹیں ہٹا کر شاہدرہ پہنچنے میں کامیاب بھی ہوگئے۔پولیس نے وہ تمام مظاہرین جو اپنی گاڑیاں چھوڑ کر بھاگ گئے تھے۔ گاڑیوں کے ٹائروں سے ہوا نکال دی اور انہیں سڑکیں بند کرنے کے لئے استعمال کیا۔ کارکنوں کے منتشر ہونے کے بعد کارکنوں کی تعداد انتہائی کم رہ گئی۔ تاہم منگل کی دوپہر ایک بجے تک شہر کی صورتحال معمول پر آگئی جبکہ دوسری طرف شہر کے داخلی اور خارجی راستے بند ہونے سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگی رہیں۔ جس سے ذاتی امور کے سلسلے میں شہر سے باہر جانے والے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ لانگ مارچ کے باعث موٹروے اور جی ٹی روڈ مکمل طور پر بند رہی۔ اطلاعات کے مطابق پولیس نے شہر کے مختلف مقامات سے 400 سے زائد پی ٹی آئی کے کارکنان کی گرفتار کرلیا ہے۔