کراچی (آن لائن) امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ شہری ملتوی شدہ 11کراچی نشستوں کے انتخابات میں بھرپور حصہ لے کر ایسی تمام جماعتوں کو مسترد کردیں جنہوں نے کراچی کے عوام کااستحصال کیا، 15جنوری کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں ایم کیو ایم نے حلقہ بندیوں پر اعتراض کی وجہ سے انتخابات میں حصہ لینے سے بائیکاٹ کیا تھا،یہ اب خالی نشستوں کے انتخابات میں حصہ لے کر پیپلزپارٹی کو سپورٹ کرنا چاہتی ہے، کراچی کے عوام اب بیدار ہوچکے ہیں پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم کی سازشوں میں نہیں آئیں گے،جماعت اسلامی واحد پارٹی ہے جس نے یوسیز اور وارڈز کی سطح پر سب سے زیادہ ووٹ حاصل لیے ہیں،ملتوی شدہ نشستوں میں بھی ہم ہی جیتیں گے۔پیپلزپارٹی خالی نشستوں سے فرار کا راستہ اختیار نہ کرے اور وہ جان لے کہ کراچی میئر جماعت اسلامی کا ہی ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع کورنگی کے تحت کورنگی نمبر 6 پرعوامی دعوت افطار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ حافظ نعیم الرحمن نے مزیدکہاکہ پیپلز پارٹی 15 سال سے سندھ میں حکومت کررہی ہے،ان کی کارکردگی اس قابل نہیں کہ کراچی میں میئر ان کا آسکے۔ بلاول بھٹو زرداری بھی سن لیں مئیر جماعت اسلامی کا ہی ہوگا۔ایم کیو ایم کہتی ہے کہ 53 یوسیز میں اضافہ ہوا ہے جبکہ نوٹیفکیشن میں واضح لکھا ہے کہ یہ نشستیں اگلے انتخابات کے لیے ہے۔ اب عوام کسی دھوکے میں نہیں آئیں گے،کراچی کے شہری ایسی تمام جماعتوں کو مسترد کردیں جو صرف پیپلز پارٹی کو سپورٹ کرنے اور جماعت اسلامی کا راستہ روکنے کی کوشش کررہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ کراچی ایسا شہر تھا جس میں دوسرے صوبوں کے لوگ روزگار کمانے کے لیے آتے تھے،بد قسمتی سے کراچی دشمن جماعتوں نے سازش کے تحت کراچی کو تباہ و برباد کردیا۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ حکومت کو چاہیئے تھا کہ مہنگائی کے اس طوفان میں اشیائے خوردنوش کو سستا کر کے عوام کوریلیف دیاجاتا لیکن ذاتی مفادات کے لیے مختلف اسکیموں کے نام پرلمبی لمبی قطاریں لگا کر عوام کی عزت نفس کو مجروح کیا جارہا ہے،گزشتہ دنوں آٹے کے حصول کے لیے آنے والے لوگوں نے اپنی جانوں کی قربانی دے دی،مہنگائی و بے روزگاری کا یہ عالم ہے کہ شہری بغیر سحری کے روزے رکھنے پر مجبور ہیں۔
Load/Hide Comments



