اسلام آباد (آن لائن)وفاقی وزیر آبی وسائل سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ ملک کی ترقی اور خوشحالی کا دارومدار اداروں کے اپنے اپنے دائرہ کار میں رہ کر کام کرنے اور بے جاتجاوز سے گریز کرنے میں مضمر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے تمام مسائل و مصائب کی وجہ اَئین اور پارلیمنٹ سے انحراف ہے اور اس روش کو ترک کئے بغیر ملک کو امن اور سلامتی کی راہ پر گامزن نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے کہا کہ جو بھی افراتفری اور انتشار پھیلائے گا اور ملکی سالمیت کو داو پر لگائے گا اسے اس کی سزا بھگتنی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اَئین میں ہر خرابی کا علاج موجود ہے مگر عمران خان قانون و آئین سے بالا تر جنگل کا قانون لانا چاہتے ہیں اور انہیں ملک اور عوام سے زیادہ ذاتی مفاد عزیز ہے۔ خورشید شاہ نے کہا کہ عمران خان کی سیاست کی بنیاد جھوٹ ہے اور جھوٹ کا انجام ہمیشہ بہت برا ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کو قوم کے ساتھ مسلسل جھوٹ بولنے اور دھوکے دینے پر عوام سے معافی مانگنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے وقتی سیاسی فائدے کیلئے ملک کی سالمیت داو پر لگا دی اور ملک کو سیاسی اور معاشی بدحالی کی بند گلی میں دھکیل دیا۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں معاشی صورت حال میں بہتری متوقع ہے اورہم عالمی کساد بازاری کے باوجود عوامی فلاح و بہبود کیلئے بہترین قدم اٹھائیں گے اور عوام کو کو ہر ممکن ریلیف مہیا کریں گے۔
Load/Hide Comments



