جسٹس مندوخیل نے یوٹرن لیا، وضاحت بھی عجیب و غریب دی، فواد چوہدری

لاہور (آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما فواد چوہدری نے سپریم کورٹ کے جج جسٹس جمال مندوخیل کی وضاحت کو عجیب و غریب قرار دے دیا۔ سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں فواد چوہدری نے کہا کہ جسٹس جمال مندوخیل نے آج یوٹرن لیا اور اپنے بیان کی عجیب و غریب وضاحت دی ہے۔ انہوں نے سپریم کورٹ کے جج کو مشورہ دیا کہ اْن کو چاہیے تھا کہ یہ موقف تھا تو بینچ میں بیٹھنے سے معذرت کر لیتے کہ وہ یہ بوجھ نہیں اٹھا سکتے۔ پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ کے جج کو اتنا کمزور نہیں ہونا چاہئے۔ ان کا کہنا تھا کہ فیصلہ چار، تین کا تھا یا تین، دو کا؟ یہ معاملے عدالت میں طے ہو چکا ہے، الیکشن کمیشن نے عدالت کو بتادیا، انہوں نے تین، دو والے فیصلے پر ہی عمل کیا تھا۔ فواد چوہدری نے یہ بھی کہا کہ اب سپریم کورٹ میں الیکشن کیس کی کارروائی اس سے آگے بڑھ رہی ہے.