میری آج بھی رائے 90 روز میں انتخابات کرانے کی ہے،شاہد خاقان عباسی

اسلام آباد (آن لائن) سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ میری آج بھی رائے 90 روز میں انتخابات کرانے کی ہے،ذمہ داری الیکشن کمیشن پر ہے اگر وہ انتخابات نہیں کرا سکتا تو اس کو عدالت ہی دیکھے گی،آئین اداروں کو الیکشن کمیشن کی مدد کیلئے بھی کہتا ہے۔ایک انٹرویو میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ اگر کوئی جماعت قانونی توڑتی ہے تو پھر کارروائی کرنا پڑتا ہے لیکن بغیر وجہ قدغن لگانے کے حق میں نہیں ہوں،ایسے سیاسی فیصلے جو آمریت میں ہوتے رہے ہوں،وہ قبول نہیں ہوتے۔انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کیسے وزیراعظم ہیں؟ اس کا فیصلہ تاریخ کرے گی،میرے لیڈر نواز شریف ہیں،مریم نواز پارٹی کی چیف آرگنائزر ہیں اور بہترین کام کررہی ہیں،انہوں نے کہا کہ شہباز شریف ن لیگ کے صدر ہیں،دو لیڈرز کا قائل نہیں ہوں،ایک سوال کے جواب میں شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ کیا ماضی میں سیاسی جماعتوں پر پابندیوں سے ملکی مسائل کا حل ہوا؟میں کہتا ہوں سب سیاستدان اور لیڈر اپنی ناک سے اوپر دیکھیں۔