وقت آگیا ہے آئندہ الیکشن سے پہلے ترازو کو برابر ہونا چاہئے، نواز شریف جلد پاکستان آئیں گے، احسن اقبال

نارووال(آن لائن) فاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ وقت آگیا ہے آئندہ الیکشن سے پہلے ترازو کو برابر ہونا چاہئے، نواز شریف جلد پاکستان آئیں گے، عمران خان پاکستان میں جتھوں اور تشدد کی سیاست کر رہا ہے، جمہوریت میں ہمیشہ بات چیت ہوتی ہے تشدد نہیں ہوتا۔ گزشتہ روز یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لیگی رہنما احسن اقبال نے کہا کہ عمران خان اپنی انا کیلئے نوجوانوں کی قربانی دینا چاہتا ہے، عمران خان کی خواہش ہے کہ مزید چند نوجوانوں کی لاشیں گریں، یہ پاکستان سے محبت نہیں کرتا یہ لاشوں کا سوداگر ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے آئین اور قانون کے ساتھ کھیلنے کی کسی کو اجازت نہیں ہونی چاہیے، نہتے پولیس ملازمین پر عمران خان کے کارکنوں نے تشدد اور حملے کیے، پولیس ملازمین پر پٹرول بم پھینکے گئے جس سے لاتعداد ملازمین زخمی ہوگئے۔احسن اقبال کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان کے ساتھ زیادتی نہیں ہو رہی بلکہ وہ پاکستان کے آئین، قانون اور عدالتوں کے ساتھ زیادتی کر رہا ہے، پاکستان میں افراتفری اور انتشار پیدا کرکے دنیا کو بتایا جا رہا ہے کہ ان سے زیادتی ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا 2018 میں مسلم لیگ ن کو نقصان پہنچانے اور عمران خان کو فائدہ دینے کے لئے ثاقب نثار کی عدلیہ نے نواز شریف کو غیر آئینی اور غیر قانونی طور پر ایک لطیفہ فیصلہ کرکے نااہل کیا تھا۔اس فیصلے کا مقصد یہ تھا کہ مسلم لیگ ن 2018 کے الیکشنوں میں نقصان پہنچایا جائے، اب نہ وہ جج رہے ہیں نہ وہ جرنیل رہے ہیں جنہوں نے وہ آپریشن کیا تھا، اب ضروری ہے کہ اس غلطی کی تلافی کی جائے اور میدان سب کے لئے برابر کیا جائے۔ انہوں نے کہا وقت آگیا ہے آئندہ الیکشن سے پہلے ترازو کو برابر ہونا چاہئے، نواز شریف جلد پاکستان آئیں گے اور وہ اس بات کا خود اعلان کر چکے ہیں۔احسن اقبال نے مزید کہا کہ مسلم لیگ کا بھی حق ہے کہ ان کی قیادت واپس آکے الیکشن کے اندر جمہوری عمل کے اندر حصہ لے کیونکہ انہیں ایک غلط اور غیر قانونی فیصلے کے ساتھ نااہل کیا گیا تھا۔ان کا کہنا تھا کہ لاہور کے دل میں نوگو ایریا بنا دینا یہ پاکستان کی ریاست اور قانون کے لئے بہت بڑا چیلنج ہے، انتظامیہ کا فرض ہے کہ نوگو ایریا کو کلئیر کرائے اور کسی کو اجازت نہ دے کہ وہ اپنی ضد اور انا کے ساتھ پاکستان کے آئین قانون کی توہین کرے۔