زمان پارک میں کارروائی لاہور میں نکالی گئی ریلی کا رد عمل ہے،ہم انکی چالیں سمجھ رہے ہیں: شاہ محمود قریشی

لاہور (آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ زمان پارک میں جو کارروائی کی گئی وہ لاہور میں نکالی گئی ریلی کا رد عمل ہے، حکمران عمران خان کے مینار پاکستان جلسے کے اعلان سے حواس باختہ اور خوفزدہ ہیں، ہماری سمجھ کے مطابق عمران خان کے پاس حفاظتی ضمانت موجود ہے، 18مارچ کی تاریخ ہے اور ہو سکتا ہے ہم عدالت میں پیش ہو جائیں، حکمران لاشیں گرانے کی آڑ میں انتخابات ملتوی کرانا چاہتے ہیں، ہم ان کی سب چالوں سے ہرگز غافل نہیں ہے، ہم درمیانی راستہ نکالنا چاہتے ہیں۔ زمان پارک کے باہر عمر ایوب خان، اعجاز چوہدری اور دیگر کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم ایک راستہ نکالنے کیلئے تیار ہیں تاکہ خون خرابہ نہ ہو، پہلے ہی ایک لاش گر چکی ہے اور یہ مزید لاشیں نہ گرائیں، بلا وجہ افراتفری خوف و ہراس پیدا نہ کیا جائے۔ ہمارے کارکنوں پر لاٹھی چارج، آنسو گیس اور واٹر کینن کا استعمال کیا گیا۔ لگ رہا ہے کہ یہ عمران خان کی ریلی اور مینار پاکستان پر جلسے کے اعلان کا رد عمل جس سے حکومت حکومت حواس باختہ ہو چکی ہے اور ان کے پاؤں کے نیچے سے زمین نکل گئی ہے۔ حکمرانوں نے ریلی میں عوام کا جذبہ دیکھا ہے، ان کی فسطائیت کے باوجود ہم پرامن رہے، ہم نے امن کے لئے دو مرتبہ اپنی ریلی کو ملتوی کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نیعدالتوں کا سہارا لیا ہے، الیکشن کمیشن میں پٹیشن داخل کی کہ انتخابات کا شیڈول جاری ہو گیا ہے لیکن انتخابی مہم کی اجازت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی جمع ہو رہے ہیں، رہنما اپنے اپنے اضلاع میں کاغذات نامزدگی داخل کرانے گئے ہوئے ہیں اور اس کی آڑ میں پولیس نے زمان پارک میں چھاپہ مارا ہے، یہ نقصان کرنے پر تلے ہوئے ہیں لیکن ہم جانی اور املاک کا نقصان نہیں چاہتے۔ انہوں نے کہا کہ ہم کہہ چکے ہیں کہ ہم معقول راستہ تلاش کریں گے تاکہ خون خرابہ نہ ہو۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم ان کے ارادوں سے غافل نہیں ہیں، ہم نے قانونی چارہ جوئی کی ہے، ہماری سمجھ کے مطابق عمران خان ہائیکورٹ کی حفاظتی ضمانت پر ہیں، کیا قیامت ٹوٹ پڑی کہ انہیں ہر صورت گرفتار کرنا ہے۔ ہم نے اپنے کارکنان سے اپیل کی ہے کہ پرامن رہیں، یہ لاشیں گرانے کی آڑ میں انتخابات ملتوی کرانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کے چیئرمین عمران خان ہیں اور وہی رہیں گے، ہم سیاسی مخالفین کے عزائم خاک میں ملائیں گے۔ہم انسانی جان کو فوقیت دیتے ہیں، یہ انتخابات ملتوی کرانے آئے ہیں لیکن ہم ان کو اس سے نکلنے کا راستہ دیں گے، ہو سکتا ہے ازخود گرفتاری دینے کے لئے تیار ہو جائیں، ہماری سمجھ کے مطابق حفاظتی ضمانت ہو تو گرفتاری نہیں ہو سکتی.