الیکشن کمیشن نے پنجاب میں دفعہ 144 کے نفاذپر پنجاب حکومت سے رپورٹ طلب

اسلام آباد (آن لائن) الیکشن کمیشن نے پنجاب میں دفعہ 144 کے نفاذ اور تحریک انصاف کو ریلی سے روکنے کے معاملے پر پنجاب حکومت سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق تحریک انصاف کی درخواست جو کہ بابت دفعہ 144 اور لاہور ریلی سے متعلق تھی اس پر الیکشن کمیشن نے غور کیا۔ الیکشن کمیشن نے صوبائی حکومت سے حقائق سے متعلق رپورٹ لینے کا فیصلہ کیا اور اس سلسلے میں چیف سیکریٹری کو مراسلہ جاری کردیا گیا ہے جس میں کیا کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن آئین کے تحت شفاف اور پْرامن انتخابات کروانے کا پابند ہے۔ لہذا تحریک انصاف کی درخواست کے متن کو سامنے رکھ کر کل تک الیکشن کمیشن کو جامع رپورٹ دیں تاکہ اسے الیکشن کمیشن کے سامنے پیش کیا جائے اور مزید لائحہ عمل پر غور کیا جائے۔