ریاست اور حکومتیں 75 سال گزرنے کے باوجود اپنی بنیادی ذمہ داری ادا نہیں کر سکیں،کامران ٹیسوری

کراچی(آن لائن) گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ ریاست اور حکومتیں 75 سال گزرنے کے باوجود اپنی بنیادی ذمہ داری ادا نہیں کر سکیں، آج بھی ہم مختلف فرقوں اور قومیتوں میں تقسیم ہو کر پاکستان کو کہیں پیچھے چھوڑ گئے اور اس کے ساتھ ہم یہ بھی بھول گئے کہ بہت سارے کمزور بے سہارا لوگوں کی مدد بھی کرنی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو آرٹس کونسل آڈیٹوریم میں منعقد انجمن فلاح و بہبود المسلم گھنہول کے سالانہ اجلاس و تقریب تقسیم انعامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج بھی بہت سارے خاندان منتظر رہتے ہیں کہ انجمن فلاح و بہبود المسلم گھنہول جیسی تنظیمیں قائم ہوں اور ان کے سروں پر دست شفقت رکھیں۔ چاہے کسی خاندان میں بچیوں کی شادیوں کا مسئلہ ہو بلکہ ایسے خاندان بھی ہیں کہ اگر ان کے گھر میں فوتگی ہو جائے تو کفن دفن کے انتظامات بھی ان کے بس میں نہیں ہوتے۔ آج مہنگائی اور بے روزگاری کا یہ عالم ہے کہ جب گلی میں کھلونے والا آتا ہے تو مائیں اپنے بچوں کو سلا دیتی ہیں کیونکہ ان کے پاس 25 سے 30 روپے تک نہیں ہیں کہ وہ بچوں کو غبارہ اور کوئی کھلونا ہی لے کر دے دیں۔