ملک میں منظم اصلاحات لانے تک کوئی بھی رہنما نظام کو بہتر نہیں کر سکتا، مفتاح اسماعیل

اسلام آباد(آن لائن)سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ عمران خان حالات بدل سکتے ہیں اور نہ نواز شریف، جب تک ملک میں منظم اصلاحات نہیں لائی جاتیں تب تک کوئی سیاسی رہنما اس نظام کو بہتر نہیں کر سکتا۔ سوشل میڈیا دیئے گئے ایک خصوصی انٹرویو میں مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ میرا خیال ہے کہ مسلم لیگ ن قطعی طور پر آنیوالے انتخابات میں سو یپ نہیں کرے گی۔ پاکستانیوں کے پاس چاہے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان ہوں، ان کی پارٹی کے قائد نواز شریف ہوں، پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری ہوں یا مارشل لاء سمیت کوئی بھی نظام اس وقت تک نہیں بدلے گا جب تک کہ ہم اپنے نظام میں تبدیلی نہیں کریں گے۔ایک سوال کے جواب میں مفتاح نے کہا کہ وہ اب انتخابی سیاست میں حصہ نہیں لیں گے اور اپنے سیمینارز کے بعد سوچیں گے کہ انہیں زندگی میں آگے کیا کرنا ہے۔انہوں نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ وہ حکومت کا حصہ ہیں اور نہ وہ اب حکومت سے رابطے میں ہیں۔سیاسی مسائل پر روشنی ڈالتے ہوئے مفتاح نے کہا کہ پاکستان نے بہت سے لیڈر دیکھے ہیں، ہم نے مارشل لاء، ہائبرڈ حکومتیں، عمران خان، آصف علی زرداری، نواز شریف، شہباز شریف دیکھے ہیں لیکن ایک چیز جو ہم نے نہیں دیکھی وہ ہے لوگوں کی زندگیوں میں حقیقی بہتری۔انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس اب بھی اسکول جانے والے بچوں کی نصف تعداد اسکولوں سے باہر ہے جس کا مطلب ہے کہ وہ بڑے ہو کر پڑھے لکھے نہیں ہوں گے اور اگر آپ کی آدھی آبادی پڑھی لکھی نہیں ہے تو مجھے اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ وزیر خزانہ کون ہے کیوں کہ اگر نظام ایسے ہی چلتا رہا اس ملک کی معیشت ٹھیک نہیں ہو گی۔